بلدیاتی الیکشن میں دیرینہ مسلم لیگی ورکرز کو یکسر نظر انداز کیا گیا،سید شاہد علی

منگل 1 دسمبر 2015 22:32

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم دسمبر۔2015ء ) مرکزی انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ کے چیئرمین اور مسلم لیگی راہنماء سید شاہد علی شاہ جی نے بیان میں کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں دیرینہ مسلم لیگی ورکرز کو یکسر نظر انداز کیا گیا جن ورکروں نے برے وقت میں مسلم لیگ کا ساتھ دیا ،قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں ان میں سے اکثر کو پارٹی ٹکٹ نہیں دیئے گئے ۔

پارٹی ورکرز کے ساتھ اس قسم کا برتاؤ سراسر نا انصافی ہے ۔حنیف عباسی نے اپنے من پسند لوگوں کو ٹکٹ دیئے اور پارٹی کے لیے قربانیاں دینے والوں کو نظر انداز کیا ۔انہوں نے کہاکہ حنیف عباسی راولپنڈی میں مسلم لیگ کے ساتھ وہی کر رہے ہیں جو لاہور میں چوہدری غلام سرور نے پی ٹی آئی والوں کے ساتھ کیا ۔اس کا خمیازہ پی ٹی آئی کو عبرتناک شکست کی صورت میں ملا ۔

(جاری ہے)

سید شاہد علی شاہ جی نے کہا کہ اگرچہ حنیف عباسی نے راولپنڈی میں مسلم لیگ کو دھڑوں میں تقسیم کر دیا ہے اور اکثر دھڑے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں تاہم مسلم لیگی ورکروں اور راولپنڈی کے عوام سے اپیل ہے کہ وہ متحد رہیں ،آّئندہ آنے والا وقت ان کا ہو گا اور ان کی حقیقت کو تسلیم کر لیا جائے گا ۔شاہد علی نے راولپنڈی کے عوام سے یہ اپیل بھی کی ہے کہ وہ 5دسمبر کو شیر کے نشان پر مہر لگا کر میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کریں اور مسلم لیگ ن کو کامیاب کروائیں ۔قیادت پر کھرے کھوٹے کی حقیقت بہت جلد آشکار ہو گی اور وہ دن مسلم لیگ کے مخلص ورکرز کی کامیابی و کامرانی کا دن ہو گا ۔