بلاول بھٹو زرداری کو بچے کے طور پر نہیں پارٹی چیئرمین کے طور پر دیکھا جائے ‘ رحمان ملک

ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری کی وجہ سے آصف زرداری کے ملک واپس نہ آنے کی بات غلط ہے‘ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما کی انٹر ویو میں گفتگو

منگل 1 دسمبر 2015 22:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو بچے کے طور پر نہیں بلکہ پارٹی چیئرمین کے طور پر دیکھا جائے ،ڈاکٹر عاصم آصف علی زرداری اور میرے قریبی دوست ہیں لیکن جس طرح میڈیا نے خبر بریک کی اس سے یقینا آصف علی زرداری تھوڑا پریشان ہوئے ،ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری کی وجہ سے آصف زرداری کے ملک واپس نہ آنے کی بات غلط ہے ۔

ایک نجی ٹی وی کو انٹر ویو میں رحمان ملک نے کہا کہ پیپلزپارٹی کراچی میں رینجرز کے آپریشنز کوسپورٹ کرتی تھی ہے اور ہیں کرتی رہے گی ۔ان کاکہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم حسین میرے اور آصف علی زرداری کے بہت قریبی دوست ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری کی خبر سے آصف علی زرداری تھوڑا پریشان ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

لیکن اس میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ میڈیا نے جس طرح سے ان کی گرفتاری کی خبر چلائی تھی وہ ٹھیک نہیں تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری کی وجہ سے آصف زرداری کے ملک واپس نہ آنے کی بات غلط ہے ۔جس طرح میڈیا کے نمائیندے طنزیہ انداز میں پوچھتے ہیں کہ آصف زرداری کب واپس آئیں گے اس سے پتہ نہیں چلتا کہ میڈیا پیپلز پارٹی سے محبت کرتا ہے یا نفرت۔ان کاکہنا تھاکہ ہم نے اپنے دور میں انتقام کی سیاست نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا اور میڈیا کا فرض ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو پارٹی چیئرمین کے طور پر پروموٹ کریں انہیں پارٹی چیئرمین کی حیثیت سے دیکھا جائے بچے کی حیثیت سے نہیں۔