سعودی فوج نے سینکڑوں حوثی باغیوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی ، جوابی کارروائی میں درجنوں باغی ہلاک، حسب معمول حوثیوں نے سرحد میں دراندازی اور سعودی علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی لیکن مسلح افواج ان کی نقل وحرکت کی کڑی نگرانی کررہی تھیں اور ان کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے، بریگیڈئیر جنرل احمد العسیری

منگل 1 دسمبر 2015 23:30

سعودی فوج نے سینکڑوں حوثی باغیوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی ، ..

ریاض/صنعاء(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔1دسمبر۔2015ء) سعودی سیکورٹی فورسز نے سینکڑوں حوثی باغیوں کی اپنے علاقے میں دراندازی کی کوشش ناکام بنادی ،جوابی کاروائی اور جھڑپوں میں بیسیوں حوثی باغی ہلاک ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق حوثی باغیوں نے سعودی علاقے میں دراندازی کے لیے دھاوا بولا تھا لیکن سعودی فورسز نے ان کے حملے کو پوری قوت سے پسپا کردیا ہے۔

ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغی ماضی میں بھی متعدد مرتبہ یمن سے سعودی عرب کے سرحدی علاقے میں دراندازی کی ناکام کوششیں کرچکے ہیں۔سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل احمد العسیری نے سرکاری ٹی وی سے نشر کیے گئے بیان کہا ہے کہ حسب معمول حوثیوں نے سرحد میں دراندازی اور سعودی علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی لیکن مسلح افواج ان کی نقل وحرکت کی کڑی نگرانی کررہی تھیں اور ان کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ دراندازی کرنے والوں کو ہلاک کردیا گیا ہے اور اللہ کا شکر ہے کہ اب صورت حال بہتر ہے۔احمد العسیری نے حوثیوں اور ان کے اتحادی سابق صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار ملیشیا کے مہلوکین کی تعداد 180 بتائی ہے مگر ان ہلاکتوں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔تاہم مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشا کے بیسیوں جنگجو سعودی فورسز کی جوابی کارروائی میں مارے گئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ سینکڑوں حوثی باغیوں نے سرحدی علاقے میں دھاوا بولا تھا اور سعودی فورسز نے انھیں پسپا کرنے کے ہیلی کاپٹروں اور راکٹوں کا استعمال کیا ہے۔حوثیوں کے زیر انتظام یمن کی خبررساں ایجنسی سبا نے دعویٰ کیا ہے کہ جنگجووٴں نے سعودی عرب کے سرحدی شہر نجران کے نزدیک فوج کی تین چوکیوں پر قبضہ کر لیا تھا اور انھوں نے امریکی ساختہ دو ابراہام ٹینکوں اور تین بریڈلے سمیت متعدد بکتر بند گاڑیوں کو تباہ کردیا تھا۔

سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد مارچ سے یمن میں حوثی باغیوں اور ان کے اتحادیوں پر فضائی حملے کر رہا ہے۔اقوام متحدہ کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق اس فضائی مہم کے آغاز کے بعد سے یمن میں 5700 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور سرحدی علاقوں میں گولہ باری اور حوثی باغیوں کی سعودی سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں کم سے کم 80 افراد مارے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :