کوہاٹ ،سانحہ آرمی پبلک سکول میں ملوث 4 مجرمان کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا

بدھ 2 دسمبر 2015 11:26

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 دسمبر۔2015ء) سانحہ آرمی پبلک سکول میں ملوث 4 مجرمان کو پھانسی دے دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے 30 نومبر کو چاروں مجرمان کے بلیک وارنٹ پر دستخط کیے تھے جس کے بعد بدھ کی صبح کوہاٹ جیل میں چاروں مجرمان کو تختہ دار پر لٹکادیا گیا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق سانحہ آرمی پبلک سکول میں ملوث چاروں مجرمان عبدالسلام، حضرت علی، سبیل عرف یحییٰ، مجیب الرحمن کا مقدمہ فوجی عدالت میں زیر سماعت تھا جہاں فوجی عدالت نے سانحہ آرمی پبلک سکول کے الزام میں چاروں مجرمان کو پھانسی کی سزا سنائی تھی۔

فوجی عدالت سے سزا کے بعدمجرمان نے صدر پاکستان سے رحم کی اپیل کی تھی لیکن وزیر اعظم کی سفارش پر چاروں مجرمان کی رحم کی اپیل مسترد کردی گئی تھی۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے امریکہ کے دورے سے واپسی پر چاروں مجرمان کے ڈیتھ وارنٹس پر دستخط کیے تھے۔سانحہ آرمی پبلک سکول کے علاوہ چاروں مجرمان خیبر پختونخوا میں مختلف دہشتگردی کی کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔یاد رہے کہ 16 دسمبر 2014 کو پشاور میں واقع آرمی پبلک سکول پر دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس میں132 معصوم بچوں سمیت 146سے زائد افراد شہید ہوئے تھے۔

متعلقہ عنوان :