جدہ'بچے کے دماغ سے قینچی نکالنے کا کامیاب آپریشن

ماہرین نے بچے کی کھوپڑی کو لیزر کی مدد سے کاٹ کر دماغ میں پیوست قینچی نکالی

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 2 دسمبر 2015 11:32

جدہ'بچے کے دماغ سے قینچی نکالنے کا کامیاب آپریشن

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02 دسمبر۔2015ء)سعودی عرب کے طبی ماہرین نے ایک بچے کے د ماغ میں گھس جانے والی قینچی ایک پیچیدہ سرجری کے بعد کامیابی کے ساتھ نکال لی ہے جس کے نتیجے میں بچے کی زندگی بچا لی گئی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق تین گھنٹے کی سرجری کا عمل جدہ میں قائم شاہ فہد میڈیکل کمپلیکس میں کیا گیا جہاں ماہرین نے بچے کی کھوپڑی کو لیزر کی مدد سے کاٹ کر دماغ میں پیوست قینچی نکالی۔

طبی عملے کا کہنا ہے کہ سرجری کے عمل سے گذرنے والا بچہ اب تیزی کے ساتھ روبہ صحت ہے۔شاہ فہد میڈیکل کمپلیکس کے شعبہ اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ماہرین نے تین گھنٹے تک سرجری کا عمل نہایت احتیاط کے ساتھ جاری رکھا۔ یہ ایک پیچیدہ اور جسم کے حساس حصے کا آپریشن تھا۔

(جاری ہے)

سرجری کے لیے لیزر کا طریقہ علاج استعمال کیا گیا جس کی مدد سے کھوپڑی کھول کر دماغ میں پیوست قینچی نکال لی گئی۔

درایں اثنا شاہ فہد میڈیکل کمپلیکس کے اینستھیزیا کے ماہر ڈاکٹر احمد زکی نے کہا کہ دو روز قبل ایک بچے کو اسپتال کے شعبہ حادثات میں لایا گیا جس کے دماغ میں قینچی پیوست ہو گئی تھی۔ بچے کو بہت زیادہ تکلیف تھی۔ بچے کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ بچے کے ہاتھ میں قینچی تھی۔ اس کے ساتھ کھیلتے ہوئے وہ گر پڑا اور قینچی ماتھے سے دماغ میں پیوست ہو گئی تھی۔