رانجی ٹرافی ، آسٹریلوی امپائر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے

بدھ 2 دسمبر 2015 13:31

رانجی ٹرافی ، آسٹریلوی امپائر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے

چنائی (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار 2دسمبر- 2015ء) آسٹریلوی امپائر جان ورڈ بھارتی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ رانجی ٹرافی کے میچ کے دوران گیند لگنے سے زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق تامل ناڈو میں رانجی ٹرافی کے ایک میچ میں پنجاب کے بیٹسمین بریندر سرن نے حریف ٹیم تامل ناڈو کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے سیدھا شاٹ کھیلا اور گیند امپائر جان وارڑ کے سر پر جالگی جس کے بعد وہ گراؤنڈ پر گر پڑے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق زخمی جان ورڈ کو فوری طورپر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا اور مقامی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری وینکا ٹرمن نے گیند لگنے سے وارڈ کے بے ہوش ہونے کی اطلاعات کو مسترد کیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی امپائر کا بی سی سی آئی کے قوانین کے مطابق مقامی ہسپتال میں علاج کیا جارہاہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم کسی قسم کا خطرہ مول نہ لینے کے لیے وارڈ کو 2 دن کے لیے ہسپتال میں رہنے کی تاکید کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ جان وارڑ کرکٹ آسٹریلیا اور بی سی سی آئی کے مابین میچز کے انعقاد کیلیے امپائرز کے تبادلے کے معاہدے کے تحت رانجی سیزن میں فرائض انجام دے رہے تھے ۔ واضح رہے گزشتہ سال اسرائیل میں ایک کرکٹ میچ کے دوران گیند لگنے سے امپائر کی ہلاکت ہوئی تھی جب کہ حال ہی میں آسٹریلیا میں گریڈ بی کے مقابلوں کے ایک میچ میں آسٹریلیا کے مچل مارش نے زوردار شارٹ کھیلا تھا جو امپائر کے کان قریب لگا تھا تاہم وہ صحت یاب ہوگئے تھے ۔