کراچی میں ملٹری پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے، پرامید ہوں کہ فوجی جوانوں کے قاتل جلد پکڑے جائیں گے، دہشت گردی کرنے والے پاکستان میں امن نہیں چاہتے،سندھ میں مثالی امن قائم ہوا، کراچی آپریشن جاری ہے،عمران فاروق قتل کیس کی قانونی حیثیت چوہدری نثار بہتر بتا سکتے ہیں

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 2 دسمبر 2015 13:38

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 دسمبر۔2015ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں ملٹری پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے، پرامید ہوں کہ فوجی جوانوں کے قاتل جلد پکڑے جائیں گے، دہشت گردی کرنے والے پاکستان میں امن نہیں چاہتے،سندھ میں مثالی امن قائم ہوا، کراچی آپریشن جاری ہے،عمران فاروق قتل کیس کی قانونی حیثیت چوہدری نثار بہتر بتا سکتے ہیں۔

وہ بدھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔سید خورشید شاہ نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خودکشی حرام ہے،عمران خان نے بھی اپنا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا، عمران خان کیا کریں گے اس کا کوئی علم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ملٹری پولیس کے حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم، ان پر حملہ کرنے والے وہ لوگ ہیں جو پاکستان میں امن نہیں چاہتے، دہشت گردی کی یہ کارروائیاں مسلمانوں کے خلاف سازشیں کرنے والوں کی ہیں، میں پر امید ہوں،کہ ملٹری پولیس سانحے کے قاتلوں کو جلد پہنچایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپریشن سندھ میں ہو رہا ہے جس کے باعث امن کی فضاء قائم ہوئی، ڈاکٹرعاصم کا کیس عدالت میں ہے، اس بارے کچھ نہیں کہہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران فاروق قتل کیس کی حیثیت چوہدری نثار ہی بہتر بتا سکتے ہیں۔