قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس،پی سی بی کی جانب سے اہم اجلاس طلب

بدھ 2 دسمبر 2015 13:49

قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس،پی سی بی کی جانب سے اہم اجلاس طلب

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن02دسمبر۔2015ء)پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیف سلیکٹر ہارون رشید کی درخواست پر جمعہ کو لاہور میں میٹنگ کا فیصلہ کیا ہے جس میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انتہائی ناقص پرفارمنس کا جائزہ لیا جائے گا۔پی سی بی نے جمعہ کو لاہور میں اہم اجلاس طلب کیاہے۔ اجلاس چیف سلیکٹر ہارون رشید کی درخواست پر طلب کیاگیاہے۔

(جاری ہے)

جس میں ایگزیکٹوبورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، ہیڈ کوچ وقاریونس اور بولنگ کوچ مشتاق احمد بھی شرکت کریں گے۔ میٹنگ میں انگلینڈ کے خلاف مسلسل چھ میچز میں شکست کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول بھی خوش گوار نہیں ہے اور چند کھلاڑی ٹیم میں اپنی جگہ کو غیر محفوظ سمجھتے ہوئے سوفیصد پرفارم نہیں کرپارہے۔ چیف سلیکٹر ہارون رشید ٹیم انتظامیہ کی جانب سے محدود اوورز کے میچز کیلئے منتخب کھلاڑیوں کو درست طور پر استعمال نہ کرنے ،غیرضروری تبدیلیوں اور تجربات پرسخت ناخوش ہیں اور وہ چیئرمین کی موجودگی اس بارے میں وضاحت چاہتے ہیں۔