چنائے میں شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال،فوج اور نیشنل ڈیزاسٹر فورس کی ٹیمیں طلب

بدھ 2 دسمبر 2015 13:53

نئی دہلی ۔2 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی02دسمبر۔2015ء) بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو کے دارالحکومت چنائے میں دو دنوں سے جاری بارش کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کے لیے فوج، بحریہ اور نیشنل ڈیزاسٹر فورس کی ٹیموں کو طلب کر لیا گیا ۔بارش کی وجہ سے چنائے میں سیلاب جیسے حالات پیدا ہو گئے ہیں اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

شہر کے تعلیمی ادارے اور ایئرپورٹ بند ہے جبکہ ایک درجن سے زیادہ ٹرینیں بھی ٹریک زیرِ آب آنے کی وجہ سے منسوخ کی گئی ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گذشتہ 100 سال میں چنائے میں اتنی زیادہ بارش نہیں ہوئی اور آئندہ 48 گھنٹوں تک مزید تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔بعض علاقوں میں گھروں میں بارش کا پانی گھس گیا ہے جبکہ شہر کے 60 فیصد علاقے کو بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ گذشتہ کئی ہفتوں سے ریاست تامل ناڈو میں ہونے والی بارشوں سے کم از کم 188 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ایک رہائشی اشوک مودی نے صحافیوں کو بتایا کہ انھوں نے 25،30 سال پہلے ایسی بارش دیکھی تھی جب تقریبا ایک ہفتے تک بجلی نہیں آئی تھی۔مرکزی حکومت نے بارش سے پیدا شدہ حالات سے نمٹنے کے لیے تامل ناڈو حکومت کو 939 کروڑ کی فوری امداد دی ہے جبکہ ریاستی حکومت نے دو ہزار کروڑ روپے کے امدادی پیکج کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :