استور،چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر سیکیورٹی امور کے حوالے سے اجلاس منعقد

بدھ 2 دسمبر 2015 14:07

استور ۔ 2 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی02دسمبر۔2015ء) چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر سیکیورٹی امور کے حوالے سیانسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان ظفراقبال اعوان کی سربراہی میں سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں تمام ڈی آئی جیز ،ایس پیز اور سی پی او کے اے آئی جیز ،ایس ایس پی عبدالرحیم اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں آئی جی پولیس نے کہا کہ تمام اضلاع میں چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر اجتماعات اور جلوسوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، تمام ضلعی پولیس سربراہان اپنے اپنے اضلاع کے لئے سیکیورٹی پلان ترتیب دیں ،تمام اضلاع کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کے نظام کو موثر بنایا جائے ،موبائل گاڑیوں میں سرچ لائٹس لگائی جائیں ،ہوٹلوں اور دیگرمقامات پر ٹھہرے ہوئے افراد کے مکمل کوائف اکھٹے کئے جائیں ،سی سی ٹی وی کیمروں سے شہر کے اندر سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جائے، مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے اور مساجد بورڈ کے ممبران سے مکمل رابطے میں رہا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ 2 دسمبر سے غیر قانونی اسلحہ اور منشیات کے خلاف خصوصی مہم شروع کی جائے تاکہ خطے سے جرائم کے خاتمے اورنوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے بچایا جائے ۔