کراچی بلدیاتی انتخابات، سندھ ایپکس کمیٹی کا حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ

کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں تیزی لانے،ملٹری پولیس پر حملوں میں ملوث دہشت گردوں کی جلد گرفتاری اور نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد کرنے پر اتفاق قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنا ہمارا قومی فرض ہے، اس پر ہر حال میں عمل ہو گا،وزیراعلیٰ سندھ

بدھ 2 دسمبر 2015 16:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 دسمبر۔2015ء) سندھ ایپکس کمیٹی نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر تمام حساس اور حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ کرلیا، اجلاس میں کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں تیزی لانے،ملٹری پولیس پر حملوں میں ملوث دہشت گردوں کی جلد گرفتاری اور نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

بدھ کو گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں ڈی جی رینجرزمیجر جنرل بلال اکبر، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں گزشتہ روز ملٹری پولیس کی گاڑی پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید اہلکاروں کے ایصال ثواب کیلئے دعا مانگی گئی۔اجلاس کو آئی جی سندھ نے ایم اے جناح روڈ پر ملٹری پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کی تفصیلی بریفنگ دی جبکہ ڈی جی رینجرز نے کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن سے متعلق بریفنگ دی۔