افغان انٹیلی جنس کا جند اللہ کے 11جنگجوؤں کو گرفتارکرنے کا دعویٰ

بدھ 2 دسمبر 2015 16:14

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 دسمبر۔2015ء)افغان انٹیلی جنس این ڈی ایس نے جند اللہ کے 11جنگجوؤں کو گرفتارکرنے کا دعویٰ کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق این ڈی ایس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیاہے کہ دہشتگرد گروپ کو شمالی صوبہ قندوز کے ضلع خان آباد کے علاقے دارائے صوف میں ایک چھاپے کے دوران گرفتارکیا گیا جب وہ عطیات جمع کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

این ڈی ایس کے بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ دہشتگردوں نے سبز فوجی جیکٹس پہن رکھی تھیں اور انکے پاس سے پی کی مشین گن،کلاشنکوف اور راکٹ لانچر سمیت دیگر اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے ۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کاروائی کے دوران ایک جنگجو ہلاک ہوگیا،دہشتگردوں کے قبضے سے پانچ فوجی سوٹ اور سیاہ ماسک بھی برآمد ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ جند اللہ کا تعلق مبینہ طور پر تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ ہے جو مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرتی ہے ۔