سول سوسائٹی عوام کو آگاہ کریں کہ خدمت کا تجربہ رکھنے والوں کو ووٹ دیں: چودھری پرویزالٰہی

بدھ 2 دسمبر 2015 16:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن02دسمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے ان کی رہائش گاہ پر سول سوسائٹی کے مختلف وفود نے ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے سول سوسائٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین، بچے، لیبر لاز، انسانی حقوق کے حصول کیلئے آواز بلند کرنا اور معاشرے کے ان پہلوؤں کو اجاگر کرنا جو عام آدمی کی زندگی سے یکسر مختلف ہیں قابل ستائش ہے، عوامی فلاح کیلئے 1122کا قیام، ہسپتالوں میں فری ادویات، ایمرجنسی فری، تعلیم فری، مفت کتابیں، کنزیومر کورٹ کا قیام، چائلڈ پروٹیکشن کے ادارے، سپیشل بچوں کیلئے وظائف اور مفت پک اینڈ ڈراپ سروس، بھیک مانگنے والے بچوں کیلئے قانون سازی اور عوام کی خدمت کیلئے 172دیگر ادارے قائم کیے گئے، مگر ہمیں افسوس ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے ہمارے ان فلاحی کاموں کو آگے بڑھانے کی بجائے ان کو بند کر دیا، حکمرانوں نے ہم سے نہیں عام آدمی سے دشمنی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وکلاء کیلئے مفت میڈیکل کی سہولت فراہم کی، صحافیوں کیلئے کالونیاں بنائیں، ہم نے کوئی کام منصوبہ بندی کے بغیر شروع نہیں کیا جبکہ شریفوں میں بدلہ لینے کی جو ہوس ہے وہ نہیں جاتی لہٰذا سول سوسائٹی سے اپیل ہے کہ وہ عوام کو آگاہ کریں کہ ووٹ ڈالتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ خدمت اور تجربہ رکھنے والے افراد کا انتخاب کریں۔

وفد کی سربراہ ممتاز بیگم نے چند سفارشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے حوالے سے چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ میں تبدیلی کی جائے، عورتوں پر تشدد کو روکا جائے، مینارٹی کے بنیادی حقوق میں تبدیلی اور ہوم ورکر خواتین کیلئے قانون سازی کی ضرورت ہے جبکہ بلدیاتی حکومت میں خواتین کو 33فیصد نمائندگی دی جائے اور عورتوں کو 10فیصد ٹکٹیں دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کے دور حکومت میں سول سوسائٹی آزادی کے ساتھ کام کر رہی تھی مگر موجودہ حکمرانوں نے پابندی لگا کر عوام کوان کے حقوق سے محروم کر دیا ہے۔

اس موقع پر مسلم لیگی رہنما میاں منیر اور آمنہ الفت کے علاوہ سول سوسائٹی کے وفد میں فاخرہ تحریم، عامر سہیل، اظہر بلوچ، ام لیل، رضوان ذکاء گل ایڈووکیٹ، نعیم ملک، سلمان عابد، افتخار مبارک، بشری خالق، سیمسن سلامت اور دیگر رہنما بھی موجود تھے

متعلقہ عنوان :