معیشت ڈانواں ڈول ہوگئی غریب طبقہ خود کشیوں پر مجبور ہے، ممتاز چیمہ

بدھ 2 دسمبر 2015 16:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن02دسمبر۔2015ء) سابق سٹی ناظم تحریک انصاف کے رہنما چیئرمین چوہدری ممتاز علی چیمہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے دباؤ پر بجلی ‘ گیس نرخوں میں اضافہ سے جہاں معیشت ڈانواں ڈول ہوچکی ہے وہاں غریب طبقہ خود کشیوں پر مجبور ہے۔ظالم حکمرانوں نے 40 ارب روپے کا منی بجٹ پیش کرکے عوام کو تختہ دار پر لٹکادیا ہے ۔

پوری قوم حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث تنگ آچکی ہے لوگ بجلی کے بھاری بل ادا کرنے سے قاصر ہیں ‘ حکمران نے کالا باغ ڈیم کی بجائے میٹرو بس جیسے بے کار منصوبے بنا کر اربوں روپے کی کمیشن ہڑپ کر چکے ہیں ‘ انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کیلئے کئے گئے خوشنما اعلانات اور بلند و بانگ دعوؤں کے باوجود گذشتہ تین سالوں میں مہنگائی میں پانچ سو فیصد اضافہ ہوا حکمرانوں نے اپنی نااہلیوں کی پردہ پوشی کیلئے گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں چھ فیصد اضافہ کر کے عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

لوڈ شیڈنگ کے باوجود بجلی کی قیمتیں بڑھا کر ذہنی پستی کا ثبوت دیا۔ پاکستان کے عوام باشعور ہیں آزمائے ہوئے چہروں کو دوبارہ آزمانے کی غلطی نہیں دہرائیں گے۔ اُنھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ ایک ہی کھوٹے سکے کے دو رُخ ہیں جنھوں نے باری باری قومی سرمائے پر بیدردی سے ہاتھ صاف کئے۔ اب اُن کا یوم احتساب قریب ہے پاکستان تحریک انصاف قومی خزانے سے لوٹی گئی ایک ایک پائی کا حساب لے گی۔

متعلقہ عنوان :