لاہورمیں مویشی انخلاء مہم پکڑی گئی گائے ، بھینسیں بیوہ خواتین میں تقسیم کرنے کافیصلہ

بدھ 2 دسمبر 2015 16:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن02دسمبر۔2015ء) سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہور کی جانب سے چلائی جانے والی مویشی انخلاء مہم کے نتیجہ میں قبضہ میں لی جانے والی گائے ، بھینسیں ان کے مالکان کے حوالے کرنے کی بجائے شہر کی بیوہ خواتین میں تقسیم کی جائیں گی ۔ اس بات کا فیصلہ ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان کی زیر صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اس مہم کے نتیجہ میں قبضہ میں لی جانے والی گائے ، بھینسیں ان کے مالکان کو معمولی جرمانہ کرنے کے بعد واپس کردی جاتی تھیں جس کے بعد گورے دوبارہ ان گائے ، بھینسوں کو شہری حدود میں لے آتے تھے ۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں شہر کی تمام یونین کونسلوں کی سطح پر بیوہ خواتین کی رجسٹریشن کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ فیصلے کے مطابق جس یونین کونسل کی حدود سے گائے، بھینسیں پکڑی جائیں گی وہ اسی یونین کونسل کی بیوہ خواتین میں تقسیم کردی جائیں گی۔