چینی تاجروں کے وفد کی ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں ادریس سے ملاقات

بدھ 2 دسمبر 2015 17:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن02دسمبر۔2015ء) چینی بزنس کمیونٹی کے 27 رکنی وفد نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے ریجنل آفس میں ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں محمد ادریس سے دونوں ممالک کے اشتراک سے پاکستان میں جاری انرجی بحران کے خاتمہ ،باہمی تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے حوالے سے ملاقات کی۔

بنک آف شانکسی برانچ کے ڈپٹی جنرل مینجر سمیت 27چینی کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی شرکت ی۔چینی صوبہ شانکسی اور ایف پی سی سی آئی کے درمیان 6ایم اویوز پر دستخط کئے گئے،جس کا مقصد پاکستان اور شانکسی صوبوں کے درمیان تجارتی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔اس موقع پر میاں محمد ادریس نے کہا کہ چینی کمپنیاں صرف ایسی لیبر پاکستان میں جاری پروجیکٹ کے لئے لے کر آئے جو ہنرمند ہو اور پاکستان میں دستیاب نہ ہوں ورنہ پاکستانی لیبر فورس کا ہی استعمال کیا جائے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں جاری چینی پروجیکٹ کے لئے ایسا خام مال جو پاکستان میں دستیاب ہو وہ چین سے نہ لائے،پاکستانی خام مال ہی استعمال کیا جائے۔اگر ہر چیز چین سے منگوائی جائے گی تو پاکستانی انڈسٹری تباہ ہو جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہر ایسی چیز کی امپورٹ پر پابندی لگائے جو مقامی طور پر تیار کی جاتی ہے۔ مقامی انڈسٹری میں تیار ہونے والی چیزوں کی امپورٹ پر پاپندی کیلئے ایف پی سی سی آئی کی سطح پرایک ایسی کمیٹی بنائے گی جوبیرون ممالک سے ہونے والی اشیاء کی امپورٹ کومانیٹر کرئے گی۔

ملکی سطح پر ڈیٹا اکھٹا کرئے گی اور حکومت پر زور دے گی کہ کوئی بھی ایسی چیز امپورٹ نہ کی جائے جو مقامی انڈسٹری میں تیار کی جارہی ہے۔میاں محمد ادریس نے مزید کہا کہ حکومت پر زور دیا جائے گا کہ چین جو بھی منصوبے پاکستان میں شروع کرے اس سے قبل اس کمیٹی سے منطوری لینی لازمی قرار دی جائے۔خام مال پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے،اس سلسلے میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے بات کی جائے گی۔

اس موقع پر ایف پی سی سی آئی ریجنل چےئرمین خواجہ ضرار کلیم نے کہاکہ چین نے پاکستان کودفاعی شعبہ کے علاوہ صنعتی اور تجارتی شعبہ میں بھی بھر پور مدد فراہم کی ہے جو ایک اچھی دوستی کی کامیاب مثال ہے۔نائب صدر حمید اختر چدھا نے کہا کہ چینی سرمایہ کار پاکستان میں بجلی گھروں کے قیام کیلئے سرمایہ کاری کرنے کے لئے تیار ہیں،لٰہذا حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کی راہ ہموار کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کر ئے۔اجلاس میں نائب صدر ایف پی سی سی آئی فہمیدہ کو ثر جمالی،صدیق الرحمن رانا،منظور ملک،جمیل احمد،رخسانہ ظفر،گوجرانوالہ چیمبر کے صدر سمیع اللہ اور دیگر نے شرکت کی۔