عدالت نے نایاب ریچھ کو وائلڈ لائف کے حوالے کر دیا ،مالک کی ضمانت منظور

شہباز نے بغیر لائسنس ریچھ اپنے پاس رکھا ہوا تھا جو وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی ہے‘ محکمہ وائلڈ لائف

بدھ 2 دسمبر 2015 18:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء) لاہور کی مقامی عدالت نے نایاب ریچھ کو وائلڈ لائف کے حوالے کر دیا جبکہ اس کے گرفتار مالک کی ضمانت منظور کر لی۔گزشتہ روز لاہور کی کینٹ کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ الماس غنی کی عدالت میں حراست میں لیے گئے ریچھ اور اس کے مالک شہباز کو پیش کیا گیا۔دوران سماعت محکمہ وائلڈ لائف کے عہدیداروں نے موقف اختیار کیا کہ ریچھ کے مالک نے بغیر لائسنس جانور اپنے پاس رکھا ہوا تھا جو وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

استغاثہ کے مطابق ملزم شہباز کو ریچھ غیر قانونی طور پر اپنی تحویل میں رکھنے پر محکمہ وائلڈ لائف نے گرفتار کیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ سے محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے استدعا کی گئی تھی کہ نایاب جانور کی زندگی کو محفوظ بنانے کے لیے اسے محکمہ جنگلی حیات کے سپرد کیا جائے۔جس پر عدالت نے ریچھ کو وائلڈ لائف کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے ریچھ کے گرفتار مالک شہباز کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 50ہزار روپے کے ضمانتی مچلکہ جمع کرانے کا حکم دیا۔محکمہ وائلڈ لائف نے ریچھ اور اسکے مالک کو سگیاں پل ناکہ سے گرفتار کیا تھا۔