اورنج لائن ٹرین منصوبے کیلئے شہریوں سے زمین کے حصول اور لینڈ ایکوزیشن ایکٹ کیخلاف دائر درخواست پر حکومت سے جواب طلب

بدھ 2 دسمبر 2015 18:04

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء )لاہور ہائیکورٹ نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کے نام پرشہریوں سے زمین کے حصول اور لینڈ ایکوزیشن ایکٹ کے خلاف دائر درخواست پر حکومت پنجاب سے 7دسمبر تک جواب طلب کر لیا ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزاروں نے عدالت کو بتایا کہ حکومت پنجاب نے قوانین کے برعکس شہریوں سے زمین حاصل کئے بغیر منصوبہ شروع کر دیا اور اب زبردستی ان سے زمینیں خالی کرائی جا رہی ہیں جو کہ آئین کے تحت بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔

مزید موقف اختیار کیا گیا کہ آئین پاکستان کے تحت جائیداد رکھنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے جسے حکومت اورنج لائن ٹرین منصوبے کے نام پر سلب کر نا چاہتی ہے ۔ فاضل عدالت سے استدعا ہے کہ لینڈ ایکوزیشن ایکٹ 1894کو آئین سے متصادم قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دیا جائے جس پر عدالت نے حکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7دسمبر کو جواب طلب کر لیا۔