پیرس میں پاک افغان سربراہان کی ملاقات خوش آئند ہے ، دونوں ممالک کے مابین بہتر تعلقات کی بدولت ہی خطے میں امن اورترقی کا سفر ممکن ہو سکتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان جو بد گمانیاں ماضی قریب میں پیدا ہوئی تھیں پختون لیڈر شپ کی کوششوں سے بہت حد تک دور ہو چکی ہے ، قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمدخان شیر پاؤکا بیان

بدھ 2 دسمبر 2015 18:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 دسمبر۔2015ء ) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمدخان شیر پاؤنے پیرس میں پاک افغان سربراہی ملاقات اور پاکستان، افغانستان اور برطانیہ کے سربراہان کے درمیان ہونے والی ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین بہتر تعلقات کی بدولت ہی خطے میں امن اورترقی کا سفر ممکن ہو سکتا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جو بد گمانیاں ماضی قریب میں پیدا ہوئی تھیں پختون لیڈر شپ کی کوششوں سے بہت حد تک دور ہو چکی ہے جس کے بعد اب دونوں ممالک کی حکومتوں کا فرض بنتا ہے کہ وہ اعتماد سازی کیلئے مزید اقدامات کرے تاکہ تعلقات میں پھر سے گرم جوشی پیدا ہو سکے۔انھوں نے کہا کہ پیرس میں دونوں ملکوں کے سربراہوں کی ملاقات خوش آئند ہے اور دونوں نے ہی خطے کی تعمیر و ترقی اور دیرپا امن کیلئے باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت کا احساس کرتے ہوئے جن عزائم کا اظہار کیا ہے بلاشبہ خطے کیلئے نیک شگون ثابت ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے حالات اور وقت کی نزاکت کو مد نظر رکھتے ہوئے تعلقات کی بہتری کیلئے باہمی رضامندی کا اظہار کیا اور بات چیت کے سلسلہ کو جاری رکھنے کاجو فیصلہ کیا ہم امید رکھتے ہیں کہ اس تسلسل کو جاری رکھا جائے گااور نہ صرف دونوں حکومتوں کے مابین بلکہ عوامی ،معاشی و اقتصادی اوردیگرسطحوں پر بھی تعلقات میں مزید بہتری لانے کیلئے کوششیں کی جائیں گی۔انھوں نے مزید کہا کہ خطہ میں پائیدار امن دونوں ممالک کی مشترکہ کاؤشوں کے بغیر ناممکن ہے لہٰذا امن اور ترقی کیلئے دونوں ممالک کو نہ صرف ایک پیج پر آنا چاہیے بلکہ ایک دوسرے کے ساتھ معاشی تعاون کے ساتھ ساتھ تجارتی روابط کو بھی مزید مضبوط کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :