چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے میں کرپشن کے امکانات موجود نہیں،خطے کے تین ارب عوام کو اس منصوبے سے فائدہ ہوگا،وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 2 دسمبر 2015 19:09

اسلام آباد ۔ 2 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 دسمبر۔2015ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہاہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ بد عنوانی سے پاک منصوبہ ہوگا اور اس سے پاکستان کی تقدیر بدل جائے گی ۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس منصوبے میں کرپشن کے امکانات موجود نہیں ۔46 ارب ڈالر میں سے 40 ارب ڈالر نجی اور سرمایہ کاروں اور نجی شعبہ کے ذریعے توانائی کے منصوبوں پر خرچ کئے جائیں گے جبکہ باقی 6 ارب ڈالر انفراسٹرکچر کے دیگر منصوبوں کے لئے چین کی طرف سے فراہم کئے جائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے خطے کی تقدیر بدلنے کا منصوبہ ہے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کو ناکام بنانے کیلئے اس سلسلے میں شعور بیدار کرنے کی مہم چلانی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ وزیراعظم نوازشریف اور چینی صدر کے وژن کی عکاسی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ ایک فریم ورک ہے اس کے تحت کئی منصوبے آتے ہیں اس میں چینی فنانسنگ کے علاوہ پاکستان اپنے ترقیاتی بجٹ اور عا لمی مالیاتی اداروں کے تعاون سے مختلف شعبوں میں کام کرے گا۔

انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری سے کسی ایک صوبے یا علاقے کو نہیں بلکہ اس خطے کے تین ارب عوام کو اس کا فائدہ ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور میں شامل ہورہاہے سی پیک کا منصوبہ پاکستان کا تقدیر بدل دے گا