اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور منصوبے کے پہلے مرحلے کی تزئین وآرائش ،آئی ایٹ انٹرچینج کی تعمیر آئندہ ہفتہ مکمل ہوگی

بدھ 2 دسمبر 2015 19:32

اسلام آباد ۔ 2 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 دسمبر۔2015ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) نے کہا ہے کہ اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور منصوبے کے پہلے مرحلے کی تزئین وآرائش اورآئی ایٹ انٹرچینج کی تعمیر آئندہ ہفتہ مکمل ہوگی۔ ڈائریکٹر شاہد محمود نے بدھ کو ”اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 دسمبر۔2015ء“ کو بتایا کہ چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر سی ڈی اے نے زیرو پوائنٹ سے فیض آباد تک دونوں اطراف سڑک کی توسیع کا کام مکمل کرلیا ہے اور اسلام آباد ایکسپریس وے کو مکمل طورپر ٹریفک کیلئے کھول دیا گیاہے۔

انہوں نے بتایا کہ آئی ایٹ انٹرچینج اور ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے پر پودوں لگانے کا کام تیزی سے جار ی ہے جس سے آئندہ ہفتے مکمل کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چےئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر پراجیکٹ کے پہلے فیز پر کام کرنے والی افرادی قوت اور مشینری کی تعداد کو دگنا کر دیا گیا جس کی وجہ سے توسیع کا کام بروقت مکمل کیا گیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد محمود نے کہا کہ زیرو پوائنٹ سے فیض آباد تک دونوں اطراف پر پودے لگانے کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ اس کو مزید خوبصورت کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے فیز اسلام آباد ہائی وے تک رسائی کیلئے اہم ترین شاہراہ ہے جس پر ٹریفک کے روز افزوں دباؤ کو کم کرنے کیلئے اس شاہراہ کی توسیع کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا گیا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اسلام آباد ایکسپریس وے کی اپ گریڈیشن اور اس کو سگنل فری منصوبے کا افتتاح 30 جون کو کیا تھا جس پر 21.8 ارب روپے لاگت آئے گی۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں زیرو پوائنٹ سے فیض آباد تک موجودہ تین رویہ سڑک کو چار رویہ کیا گیا۔ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں اسلام آباد ایکسپریس وے کو فیض آباد سے لے کر کرال چوک تک موجودہ دونوں اطراف کی پانچ پانچ لینوں کی دوبارہ سے بحالی کے علاوہ دونوں اطراف کی سروس روڈز کو دو رویہ کیا جائے گا جبکہ تیسرے مر حلے میں چار چار لینز پر مشتمل ایکسپریس وے کو کرال چوک سے جی ٹی روڈ تک تعمیر کیا جائے گا۔

اس منصوبے میں بھی، سوہان، کھنہ پل، کرال چوک اور جی ٹی روڈ کے مقام پر انٹرچینج تعمیر کئے جائیں گے جبکہ چھ انڈر اور اوور پاسز کی تعمیر، جدید ٹریفک سنٹرز کا قیام اور سیکورٹی سسٹم کی تنصیب بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔ موجودہ حکومت کی ترجیحات کے پیشِ نظر اور اسلام آباد کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی کے باعث اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کو ریڈور جیسے میگا پراجیکٹ کا آغاز ممکن ہوا۔

متعلقہ عنوان :