ریاست تامل ناڈومیں شدید بارشوں اورسیلاب نے تباہی مچادی

نظام نزدگی مفلوج ہوگیا اورتمام پروازیں منسوخ اور ٹرینوں کی آمدورفت بھی معطل ہوگئی،100سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

بدھ 2 دسمبر 2015 19:34

ریاست تامل ناڈومیں شدید بارشوں اورسیلاب نے تباہی مچادی

چنائے(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 دسمبر۔2015ء) ریاست تامل ناڈومیں شدید بارشوں اورسیلاب نے تباہی مچادی جس کی وجہ سے دارالحکومت میں نظام نزدگی مفلوج ہوگیا اورتمام پروازیں منسوخ اور ٹرینوں کی آمدورفت بھی معطل ہوگئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق جنوبی ریاست تامل ناڈو میں بارشوں نے تباہی مچادی ہے جب کہ ریاستی دارالحکومت چنائے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور پورا شہر پانی میں ڈوبا ہوا ہے جس کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے ،اسکول،کالجوں اور جامعات کی چھٹیاں کردی گئیں ہیں جب کہ ایئرپورٹ پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے پروازیں بھی معطل ہیں اورسیکڑوں مسافر چنائے ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔

ریلوے ٹریک زیرآب آنے کی وجہ سے ٹرین سروس بھی معطل ہے جس کی وجہ سے چنائے دیگر شہروں سے کٹ کر رہ گیا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تامل ناڈو میں مسلسل ہونے والی موسلا دھار بارشوں نے 100 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے جس کی وجہ سے بارشوں سے صدی کی بد ترین تباہی ہوئی ہے۔چنائے میں 12 سینٹی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ اس کے اطراف میں 18 سینٹی میٹر تک بارش ہوئی ہے۔

بارشوں کا سلسلہ مزید 48 گھنٹے تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوسکتاہے۔تامل ناڈو کی ریاستی حکومت نے چنائے میں ایمرجنسی کا نفاذ کررکھا ہے اور شہر کی تمام فیکٹریاں اور دفاتر بھی بند کردیئے گئے ہیں،مسلسل بارشوں کے باعث 60 فیصد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔امدادی کارروائیوں کے لیے فوج طلب کرلی گئی ہے۔واضح رہے کہ تامل ناڈ و میں گزشتہ ماہ سے موسلا دھار اور طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے اب تک تقریباً 180 سے زائد افراد ہلاک جب کہ سینکڑوں زخمی ہیں۔

متعلقہ عنوان :