امام حسینؓ کی لازوال قربانی ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے، ایم ڈبلیو ایم بلوچستان

`

بدھ 2 دسمبر 2015 20:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں چہلم امام حسین کے موقع پر کہا گیا کہ پیغمبرِ اسلام حضرت محمد مصطفی ؐ کے نواسے اور جنت کے شہزادے حضرت امام حسین نے اپنی قربانی سے اسلام کی روح کو زندہ دم کر دیا، انکی لازوال قربانی ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے۔ سید الشہدانے باطل کو بتا دیا کہ اہل حق کبھی ان کے سامنے نہیں جھکیں گے، اﷲ جن کے ساتھ ہو انکا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا اور دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت دین اسلام کو نقصان نہیں پہنچا سکتی کیونکہ اس دین کی حفاظت خود خدا کرتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر ہم واقعہ کربلاء کا صحیح مطالعہ کرے تو ہمیں معلوم ہوگا کہ امام حسین نے ہمیں بہت سے دروس دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

خشیت الٰہی ،اﷲ کی راہ میں قربانی،مشیعت الٰہی،ہر حال میں نمازاور بہت سے ایسے دیگر چیزوں کو ہم کربلاء کے واقع میں پا سکتے ہیں ۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ دنیا تا قیامت سید الشہداء کی عظیم قربانی کو یاد رکھے گی آج بھی مختلف موضوعات پر امام حسین کی قربانی کی مثالیں پیش کی جاتی ہے انکی شہادت کو تیرہ سو برس سے زیادہ عرصہ بیت چکے ہیں مگر آج بھی لوگ انکی عظمت سے واقف ہیں اور انکے دکھائے ہوئے راستے پر چل رہے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ رحمت العالمین ؐ اور ان کے آل نے دین اسلام کیلئے بہت قربانیاں دیئے ہیں ، جن کی بدولت آج دین اسلام اپنے پیروں پر کھڑا ہے تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ کٹھن اوقات میں ، جب اسلام ایک نیا رخ لینے والا تھا تب اﷲ تعالیٰ نے آل محمد ؐ کے زریعے اپنے دین کو بچایا ۔ بیان کے آخر میں کہا گیا کہ ہم امام حسین کی اس عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، انہوں نے نہ صرف اسلام بلکہ انسانیت کیلئے بھی دنیا کی مال و دولت اور عہدوں کو ترک کرکے، ایک بہترین مثال پیش کر دیا۔