حکومت کی معاشی پالیسیاں غریب کش ہیں جس کا ثبوت منی بجٹ کی شکل میں سامنے آ چکا، سٹیل مل اور پی آئی اے کی نجکاری کسی صورت میں قبول نہیں کر یں گے، مخالفین اقتدار میں آکر پیپلز پارٹی کی قیادت اور عوام کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہیں

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو

بدھ 2 دسمبر 2015 20:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 دسمبر۔2015ء) پیپلز پارٹی کے سیکریٹر ی جنرل سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی پالیسیاں غریب کش ہیں جس کا ثبوت منی بجٹ کی شکل میں سامنے آ چکا ہے۔ سٹیل ملز اور پی آئی اے کی نجکاری کسی صورت میں قبول نہیں کر یں گے۔ مخالفین اقتدار میں آکر پیپلز پارٹی کی قیادت اور عوام کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہیں۔

وہ بدھ کو اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے ۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آصف علی زرداری کی زیر قیادت جمہوری حکومت میں عوام کو ریلیف دیا گیا اور مہنگائی کو کنٹرول میں رکھا۔ لاکھوں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ریکارڈ اضافہ کیا، عارضی ملازمین کو مستقل کیا گیا اور انہیں اگلے گریڈ میں ترقی دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ہے عوام کے بنیادی مسائل کو حل کیا ہے۔

مگر جب پاکستان پیپلزپارٹی کے مخالفین اقتدار میں آتے ہیں تو پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور عوام کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دنیابھر میں پٹرول کی قیمتیں کم ہوئی ہیں مگر موجودہ حکمران اس کے ثمرات عوام تک پہنچانے سے انکار کر رہے ہیں جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیل ملز اور پی آئی اے کی نجکاری کسی صورت میں قبول نہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ اسٹیل ملز کی نجکاری کی بجائے اسے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے پر توجہ دے اور ملازمین کی تنخواہیں اور سہولیات کو یقینی بنائے۔