حکومت کے منی بجٹ نے ثابت کردیا کہ حکمران عوام سے جینے کا حق بھی چھیننا چاہتے ہیں‘عام آدمی کیلئے مشکلات میں اضافہ کرکے اپنی تجوریاں بھرنے والے عوام دشمن حکمرانوں سے نجات ضروری ہے‘بلدیاتی انتخابات میں ن لیگ نے عوامی مینڈیٹ کا خون کیا اور دھاندلی کے زریعے اکثریت حاصل کی

پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض احمد وڑائچ کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 2 دسمبر 2015 20:55

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 دسمبر۔2015ء) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے کہا ہے کہ حکومت کے منی بجٹ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔قومی بجٹ کے پانچ مہینے بعد ہی منی بجٹ کا آنا پارلیمنٹ کے منہ پر طمانچہ ہے،جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ملک میں جمہوریت کی بجائے آمریت شخصی مسلط ہے۔حکومت کے منی بجٹ نے ثابت کردیا کہ حکمران عوام سے جینے کا حق بھی چھیننا چاہتے ہیں۔

اب عوام کو سمجھ آجانی چاہیے کہ عام آدمی کیلئے مشکلات میں اضافہ کرکے اپنی تجوریاں بھرنے والے عوام دشمن حکمرانوں سے نجات بہت ضروری ہے ورنہ یہ حکمران عوام کے سانس لینے پر بھی ٹیکس لگا دیں گے۔ملتان میں پاکستان عوامی تحریک کے میڈیا آٖفس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں ن لیگ نے عوامی مینڈیٹ کا خون کیا اور دھاندلی کے زریعے اکثریت حاصل کی۔

(جاری ہے)

اب آخری مرحلے میں پاکستان عوامی تحریک کے امیدوار ہی کامیابی حاصل کریں گے۔اس موقع پر راؤ عارف رضوی،میجر محمد اقبال چغتائی،یاسر ارشاد اور دیگر بھی موجود تھے۔پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان کے مطابق چوہدری فیاض احمد وڑائچ دیگر قائدین کے ساتھ یونین کونسل بنگل والہ کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ امیدوار پیر سید خضر مرتضیٰ گردیزی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔

متعلقہ عنوان :