ملٹری پولیس پر حملے کے ملزم بچ نہیں سکیں گے، کراچی میں سیکیورٹی اداروں نے آپریشن تیز کر دیا ہے، آپریشن کے باعث دہشت گرد بھاگ رہے ہیں،مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 2 دسمبر 2015 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 دسمبر۔2015ء) مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ملٹری پولیس پر حملے کے ملزم بچ نہیں سکیں گے، کراچی میں سیکیورٹی اداروں نے آپریشن تیز کر دیا ہے، آپریشن کے باعث دہشت گرد بھاگ رہے ہیں۔ بدھ کو میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملٹری پولیس پر بزدلانہ حملہ کرنے والے ملزمان بچ نہیں سکیں گے، کراچی میں جاری انسداد دہشت گردی آپریشن کو تیز کر دیا گیا ہے، اس آپریشن کے باعث دہشت گرد بھاگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا ہر جگہ تعاقب کریں گے۔

(جاری ہے)

ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں سیکیورٹی فورسز کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ سندھ پولیس میں مزید 8ہزار اہلکار بھرتی کئے جائیں گے، جیلوں کی اصلاحات کیلئے مزید اقدامات کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملٹری پولیس کے شہید ہونے والے جوانوں کے افسوسناک واقعے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کریں گے، سندھ میں انسداد دہشت گردی کی 30عدالتیں قائم کی جائیں گی اور مزید 200پراسیکیوٹر مقرر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں 5دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات اور حضرت امام حسینؓکا چہلم انتہائی پر سکون گزرے گا، کراچی میں جاری آپریشن تیز کرنے سے دہشت گردی میں مزید کمی آئے گی اور شہر کا امن بحال ہو گا۔