پاکستان اور چین صنعتی شعبے میں منصوبے میں اشتراک کرکے عالمی منڈی میں اپنی مصنو عات کو بہتر انداز میں فروغ دے سکتے ہیں،چین پاکستان اقتصادی راہداری کا اصل محور صنعتی شعبے میں ہے چینی صنعتیں پاکستان میں منتقل ہونے سے چینی کمپنیاں پاکستان میں سستی لیبر سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی،ترقی و اصلاحات احسن اقبال کی چینی صوبے شان شی کے وفد سے گفتگو

بدھ 2 دسمبر 2015 21:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 دسمبر۔2015ء) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی،ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین صنعتی شعبے میں منصوبے میں اشتراک کرکے عالمی منڈی میں اپنی مصنو عات کو بہتر انداز میں فروغ دے سکتے ہیں۔چین پاکستان اقتصادی راہداری کا اصل محور صنعقی شعبے میں ہے چینی صنعتیں پاکستان میں منتقل ہونے سے چینی کمپنیاں پاکستان میں سستی لیبر سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

بدھ کوانہوں نے ان خیالات کا اظہار چینی صوبے شان شی کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔وفد نے پلاننگ کمیشن آف پاکستان میں اعلٰی حکام اورصنعتی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ اجلاس میں چینی صوبے اور پاکستان کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے پر مذاکرات کئے۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی ہمالیہ سے اونچی،سمندر سے گہری اورشہد سے زیادہ میٹھی ہے۔

یہ دوستی اب معاشی شعبے میں اسٹرٹیجک تعلقات میں داخل ہوچکی ہے جس کی سب سے بڑی علامت چین پاکستان اقتصادی راہداری ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان تین خطوں چین،جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کے سنگم کے واقع ہے۔اپنے جغرافیائی عمل کے ذریعے پاکستان تمام خطوں کو باہم مربوط کرکے تمام خطے کے لئے معاشی فوائد پیداکرسکتاہے۔چینی وفد کے پاکستانی دورے کے متعلق گفتگوکرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور صنعتی شعبے میں تعلقات کو فروغ ملے گا۔