دہشت گردوں کے حملوں کا خطرہ، جڑواں شہروں میں سیکورٹی ہائی الرٹ جاری

داخلی وخارجی راستوں پر چیکنگ سخت، کالے شیشے اور نیلی بتی والی گاڑیوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت

بدھ 2 دسمبر 2015 21:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 دسمبر۔2015ء) دہشت گردوں کی جانب سے ممکنہ حملوں کا خدشہ جڑواں شہروں میں سیکورٹی ہائی الرٹ جاری کردیا گیاہے ،دہشت گردوں کی جانب سے تازہ ہونے والے حملوں میں سیکورٹی اداروں ،پولیس ،رینجرز اور سرکاری مقامات وافسران کو نشانہ بنایا جاسکتاہے ۔حساس اداروں کی جانب سے تیارکی جانے والی تازہ رپورٹ کی روشنی میں ملک بھر میں محکمہ داخلہ اور سیکورٹی ڈویثرن کو آگاہ کردیاگیا ہے جبکہ جڑواں شہروں میں داخلی وخارجی راستوں پر بھی چیکنگ سخت کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔

آن لائن کو وزارت داخلہ ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے حالیہ حملو ں میں سیکورٹی اداروں اور اہلکاروں کو بلخصوص نشانہ بنایاجاسکتاہے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے حساس اداروں کی رپورٹ کی روشنی میں صوبائی محکمہ داخلہ کو سیکورٹی ہائی الرٹ کے حوالے سے خصوصی انتظامات کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں جبکہ جڑوا ں شہروں میں اس حوالے سے داخلی وخارجی راستوں پر چیکنگ سخت کرنے سمیت کالے شیشے اور نیلی بتی والی گاڑیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کرنے اور کسی قسم کی رعایت نہ برتنے کی واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔

واضح رہے کہ اس ضمن میں پبلک مقامات اور سرکاری عمارتوں کی سیکورٹی بڑھادی گئی ہے جبکہ پولیس اور رینجرز کے گشت اور مشترکہ سرچ آپریشن میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے