سینیٹ فنکشنل کمیٹی حکومتی یقین دہانیوں کا اجلاس

سی ڈی اے سیکٹر آئی 16 میں گزشتہ 11 سال سے پانی ، گیس کی فراہمی ، پولی کلینک ہسپتال میں ارجنٹائینا پارک کو شامل کرنے ، ڈسٹرک ہسپتال ترلائی کے قیام کے علاوہ منیلا میں پاکستانی سفارتخانے سے پاسپورٹ کے اجراء کے معاملات پرتفصیلی بحث

بدھ 2 دسمبر 2015 22:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء ) سینیٹ فنکشنل کمیٹی حکومتی یقین دہانیوں کے اجلاس میں سی ڈی اے سیکٹر آئی 16 میں گزشتہ 11 سال سے پانی ، گیس کی فراہمی ، پولی کلینک ہسپتال میں ارجنٹائینا پارک کو شامل کرنے ، ڈسٹرک ہسپتال ترلائی کے قیام کے علاوہ منیلا میں پاکستانی سفارتخانے سے پاسپورٹ کے اجراء کے معاملات پر تفصیلی بحث کی گئی ۔

سینیٹر چوہدری محمد انور بھنڈر کی طرف سے سیکٹر آئی 16 میں گیس ، پانی کی فراہمی کا جولائی 2004 کے ایوان بالاء کے اجلاس میں اٹھایا گیا معاملہ اور سینیٹر کرنل (ر)طاہر مشہدی کی طرف سے ارجنٹائینا پارک کو پولی کلینک کی توسیع میں شامل کرنے کا معاملہ اگست2013 میں اٹھانے اور اگست2013 کے ایوان بالاء کے اجلاس میں وزیر کی ڈسٹرک ہیڈکوارٹر ہسپتال ترلائی قائم کرنے کی یقین دہانی کے معاملات آج کے اجلاس میں حل کر لئے گئے ۔

(جاری ہے)

کمیٹی چیئرمین سینیٹر آغاشہباز خان درانی نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹیوں کے اجلاس کا مقصد بیورکریسی یا سرکاری محکمہ جات کی توہین یا بے عزتی نہیں ہوتا بلکہ عوامی مسائل کا حل کرنا اور وزارتوں اور محکمہ جات کو قانون سازی کے ذریعے مدد کرنا ہوتا ہے ۔چیئرمین کمیٹی نے سی ڈی اے اور پولی کلینک کے درمیان ہسپتال توسیع کے معاملے کے حل کی تعریف کی اور سیکٹر آئی 16 اسلام آباد میں گیس، پانی کی جلد فراہمی کو بھی شہریوں کی سہولت قرار دیا اجلاس میں سینیٹرز سلیم ضیاء ، خانزادہ خان ، اعظم خان سواتی ، نگہت مرزا ، کرنل (ر)طاہر مشہدی کے علاوہ وزارت کیڈ ، داخلہ ،پیٹرولیم، منصوبہ بندی کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی ۔

ایڈیشنل سیکرٹری کیڈ قیصر مجید ملک نے بتایا کہ آج کے سی ڈبلیو پی کے اجلاس میں اصولی طور پر ارجنٹائینا پارک کو پولی کلینک میں شامل کرنے کی منظوری دی جائے گی منصوبہ بندی کمیشن 55 ملین کی ادائیگی ر رضا مند ہے ۔ڈسٹرک ہسپتال ترلائی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا کہ اگلے دو تین ماہ میں سعودی عرب کی فنڈنگ سے ہسپتال کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے کہا کہ سی ڈی اے اور پولی کلینک دونوں اب ایک ہی وزارت کیڈ کی زیر نگرانی ہے سی ڈی اے مشروط طور پر پلاٹ کی الاٹمنٹ پولی کلینک کے نام پر کرنے کو تیار ہے ۔

جس پر چیئرمین نے سی ڈی اے کو الاٹمنٹ لیٹر کی ایک ماہ کی توسیع کا فیصلہ کیا۔چیئرمین سی ڈی اے نے آگاہ کیا کہ محکمہ سوئی گیس نے ادئیگی کر دی ہے 80 فیصد کام مکمل ہے جلد بقیہ کام مکمل ہو جائے گا۔پانی کی فراہمی اور سیوریج کی لائن بچھانے کا کام بھی جلد مکمل کر لیا جائیگا۔ چیئرمین کمیٹی نے سیکٹر آئی 16 میں گیس ، پانی فراہمی ارجنٹاینا پارک کی الاٹمنٹ ، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ترلائی کے قیام کے حوالے سے پیش رفت سے کمیٹی کو رپورٹ پیش کرنے کی بھی تاکید کی ۔منیلا میں پاکستانی سفارتخانے سے پاسپورٹ اجراء کے بارے میں بتایا گیا کہ آج سے سفارتخانے نے ایم آر پی جاری کرنے شروع کر دیئے ہیں 23 مشنز میں اب بھی ایم آر پی کی سہولیات موجود نہیں ۔