خصوصی افرادکو الگ تھلگ اور نظر انداز کر نے کی بجائے ہر شعبے میں با اختیار بنایا جانا چاہیے ٗوزیر اعظم

قوم خصوصی افراد کے ساتھ بہتر برتاؤ کیلئے اپنا فعال کردار ادا کرے ٗنواز شریف کا پیغام

بدھ 2 دسمبر 2015 22:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء)وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہاہے کہ خصوصی افرادکو الگ تھلگ اور نظر انداز کر نے کی بجائے انہیں ہر شعبے میں با اختیار بنایا جانا چاہیے اورقوم پر زور دیا ہے کہ وہ خصوصی افراد کے ساتھ بہتر برتاؤ کیلئے اپنا فعال کردار ادا کرے۔ 3 دسمبر خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو چاہئے کہ وہ خصوصی افراد کے ساتھ بہتر برتاؤ کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا میں تقریباً ایک ارب افراد معذوری سے دوچار ہیں اور ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے اور ان کی ترجیحات کے تعین میں مدد دی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی افراد کے ساتھ عالمی دن منانے کا مقصد معذوری کے مسائل سے آگاہی اور خصوصی افراد کے وقار، بنیادی حقوق و خوشحالی کیلئے تعاون میں اضافہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ دن خصوصی افراد کو زندگی کے ہر شعبہ بشمول سماجی، سیاسی، معاشی اور ثقافتی دھارے میں لانے کے جذبے کو تقویت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ خصوصی افراد کو نظر انداز یا الگ تھلگ کرنے کی بجائے انہیں ہر شعبہ ہائے زندگی میں شامل کر کے بااختیار بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال اقوام متحدہ نے خصوصی افراد کے سنجیدہ مسائل کو اجاگر کیا ہے جس میں خصوصی افراد کو بااختیار بنایا جانا شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی زندگی میں شرکت جمہوری استحکام کو یقینی بنانے، فعال شہری زندگی اور معاشرہ میں عدم مساوات کے خاتمہ کیلئے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم خصوصی افراد کی کامیابیوں کو اجاگر کریں تاکہ بحیثیت انفرادی اور اجتماعی صلاحیتوں کے ساتھ ان کے اعتماد میں اضافہ ہو۔