پاکستان کیلئے ایران پاکستان گیس پائپ لائن انتہائی اہمیت رکھتی ہے ٗ شاہد خاقان عباسی

جونہی پابندیاں ہٹتی ہیں پاکستان اس منصوبے پر کام شروع کر دے گا،واشنگٹن میں میڈیا سے بات چیت

بدھ 2 دسمبر 2015 22:03

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء) وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے ایران پاکستان گیس پائپ لائن انتہائی اہمیت رکھتی ہے ٗ پاکستان میں گیس پائپ لائن کی جلد از جلد تکمیل کیلئے ہر ممکن کوشش کرینگے ۔بد ھ کو یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گیس پائپ لائن منصوبہ پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے اور ہم اسے سب سے زیادہ ترجیح دیتے ہیں جونہی پابندیاں ہٹتی ہیں پاکستان اس منصوبے پر کام شروع کر دے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس منصوبے کا افتتاح مارچ 2013میں کیا گیا تھا اور اس موقع پر ایران کے سابق صدر محمود احمدی نژاد اور ان کے پاکستانی سابق ہم منصب آصف علی زر داری نے تقریب میں شرکت کی تھی ۔2700کلو میٹر لمبی پائپ لائن کے اس منصوبے پر اربوں ڈالر لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور ایران اپنی سرزمین پر 900کلو میٹر پائپ لائن بچھا چکا ہے اور پاکستانی سر زمین پر 700کلو میٹر پائپ لائن بچھائے جانے کا منتظر ہے ۔پاکستان امریکی پابندیوں کی وجہ سے اب تک منصوبے پر پیشرفت نہیں کر سکا ۔