اسپیکر کے انتخاب کے دن غیر حاضر رہنے والے ارکان نے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کر ادیا

پارٹی قیادت نے اسلام آباد میں موجودگی کے باوجود ماروی میمن کے اجلاس میں نہ آنے کے جواب ناقابل قبول قرار دیدیا ‘ذرائع

بدھ 2 دسمبر 2015 22:05

اسپیکر کے انتخاب کے دن غیر حاضر رہنے والے ارکان نے شوکاز نوٹس کا جواب ..

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء) اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے دن غیر حاضر رہنے والے ارکان نے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کر ادیا،ارکان اسمبلی میں سے کچھ نے سرکاری اور کچھ نے ذاتی مصروفیات کا جواز پیش کیا ہے،پارٹی قیادت نے اسلام آباد میں موجودگی کے باوجود ماروی میمن کے اجلاس میں نہ آنے کے جواب ناقابل قبول قرار دیدیا ۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے انتخاب کے دن ایوان میں غیر حاضر رہنے والے مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی کو وزیر اعظم نواز شریف نے شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جس پر جوابات جمع کروا دئیے گئے ہیں۔وفاقی وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے جواب دیا ہے کہ وہ سرکاری دورے پر قطر گئے ہوئے تھے۔ سابق وزیر اعظم ظفر اﷲ جمالی نے غیر حاضری کی وجہ ناسازی طبیعت بتائی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کے داماد کیپٹن (ر)صفدر بیرون ملک ہونے کے باعث نہ آسکے جبکہ رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز نے عدم شرکت پر ذاتی مصروفیت بتائی ہیں۔ایم این اے سیما جیلانی نے اپنے جواب میں والدین کی بیماری کا عذر پیش کیا ہے اور انہوں نے بتایا ہے کہ عدم دستیابی سے متعلق پہلے ہی آگاہ کردیا تھا۔ پارٹی قیادت نے ماروی میمن کے جواب کو ناقابل قبول قرار دے دیا کہ ماروی میمن اسلام آباد میں موجودگی کے باوجود اجلاس میں شریک کیوں نہ ہوئیں۔

متعلقہ عنوان :