’پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں ایک اور بوئنگ777 طیارہ شامل ہو گیا‘

بدھ 2 دسمبر 2015 22:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء) پی آئی اے کی تنظیم نو کے سلسلے میں نئے طیاروں کی شمولیت جا ری ہے۔ اس سلسلے میں ایک اور بوئنگ 777-ER طیارہ آج پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل ہو گیا ہے۔ بوئنگ 777 طیارے نے آج شام جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی پر لینڈ کیا ۔ اس طیارے کی شمولیت کے بعد پی آئی اے کے طیاروں کی تعداد 38 ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی آئی اے کے چیئر مین ناصر جعفر نے اپنے خیالات کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی دفعہ اتنے کم عرصہ میں قومی ایئر لائن میں جدیدترین طیارے شامل کئے جا رہے ہیں۔ اس طیارے کی شمولیت کے بعد پی آئی اے کے مسافروں کو بہتر سفری سہولیات میسر ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی ہدایات اور معاون خصوصی برائے ایوی ایشن شجاعت عظیم کی رہنمائی میں ایئر لائن بہتری کی طرف گامزن ہے۔ اس طیارے کو ضروری دستاویزات مکمل کرنے کے بعد درمیانے اور طویل فاصلے کی پروازوں کیلئے استعمال کیا جائیگا۔