صوبے کے مختلف شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں،پرویزخٹک

حکومت صوبے کے نوجوانوں کی توقعات کے مطابق تبدیلی کے ایجنڈے پر عمل درآمد کر رہی ہے جس کے تحت عوام کو اُن کے حقوق اور خدمات کی ایک مضبوط نظام کے ذریعے بلاتعطل فراہمی یقینی ہو سکے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

بدھ 2 دسمبر 2015 22:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی موجودہ حکومت میں صوبے کے مختلف شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں اور بعض دیگر ملکوں کی طرح ملائشیا کے سرمایہ کاروں کو بھی خیبرپختونخوا کے توانائی، سیاحت، مواصلات اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اُٹھا نا چاہیئے یہ پیش کش اُنہوں نے اسلام آباد میں تعینات ملائشیا کے ہائی کمشنر داتو، ڈاکٹر حسرا لثانی مجتبر سے باتیں کرتے ہوئے کی ملائشیا کے ہائی کمشنر نے بدھ کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ملاقات کی اور اُن سے باہمی دلچسپی کے اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ملائشین ہائی کمشنر کی اہلیہ بھی ان کے ہمراہ تھیں جبکہ خیبرپختونخوا کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈاکٹر حماد اویس آغا اور وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش بھی اس موقع پر موجود تھے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ملائشیا کے ہائی کمشنر کو پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت کی اصلاحات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ اُن کی حکومت صوبے کے نوجوانوں کی توقعات کے مطابق تبدیلی کے ایجنڈے پر عمل درآمد کر رہی ہے جس کے تحت عوام کو اُن کے حقوق اور خدمات کی ایک مضبوط نظام کے ذریعے بلاتعطل فراہمی یقینی ہو سکے اُنہوں نے بتایا کہ صوبے میں خدمات اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں اصلاحات پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے اور ایسے قوانین اور پالیسیاں بنائی گئی ہیں جن سے ان شعبوں میں سرکاری اور سیاسی مداخلت کم سے کم ہو اور نجی شعبہ کو ان خدمات کی فراہمی میں شامل کیا گیا ہے اُنہوں نے بتایا کہ ان تاریخی اصلاحات کو گورننس کی مانیٹرنگ کرنے والے آزاد اور غیر سرکاری اداروں نے سراہا ہے اور چاروں صوبوں میں خیبرپختونخوا کی گورننس کو سب سے بہتر قرار دیا ہے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو خطرناک قسم کی موسمی تبدیلیوں پر بھی تشویش ہے اور یہ اگر چہ عالمی مسئلہ ہے لیکن خیبرپختونخوا حکومت اس مسئلے سے نمٹنے کی غرض سے اپنے حصے کا کردار ادا کرنے کیلئے صوبے میں تین سال کے دوران ایک ارب 20 کروڑ نئے درخت اُگانے کے منصوبے پر عمل کر رہی ہے جبکہ جنگلات کی کٹائی روکنے کیلئے بھی سخت حکمت عملی تیار کی گئی ہے اُنہوں نے کہاکہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے بھی ضروری سہولتیں مہیا کی جارہی ہیں اور اس ضمن میں ایک پالیسی پر باقاعدہ طور پر عمل کیا جا رہا ہے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ملائشیا کے ہائی کمشنر ڈاکٹرحسر الثانی مجتبر نے کہاکہ پاکستان خصوصاً صوبہ خیبرپختونخوا میں سماجی اور اقتصادی ترقی کا ایک نیا دور نظرآ رہا ہے انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ گورننس سسٹم میں دوسرے صوبے بھی خیبرپختونخوا کی تقلید کریں گے اُنہوں نے کہاکہ پاکستانی افرادی قوت کی بڑی تعداد ملائشیا میں تعلیم اور روزگار کے سلسلے میں مقیم ہے اور یہ قوت ملائشیا کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے انہوں نے بتایا کہ پاکستانی سیاحوں، تارکین وطن، طلباء ، سرمایہ کاروں اور تاجروں کیلئے بھی ملائشیا میں بے شمار پرکشش مواقع موجود ہیں اُنہوں نے کہاکہ دونوں ملکوں کی حکومت اور عوام کے درمیان بھی گہرے دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :