سندھ میں انسداد دہشتگردی کی 30 عدالتیں قائم کی جائیں گی، مولا بخش چانڈیو

جیلوں میں مجرمانہ غفلت پر کارروائیاں کی گئیں، کراچی میں دہشتگردی سر اٹھا رہی ہے،اداروں نے آپریشن تیز کر دیا ہے،میڈیا سے گفتگو

بدھ 2 دسمبر 2015 22:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 دسمبر۔2015ء) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ شرجیل میمن سے وزارت واپس لے لی گئی ہے سندھ میں انسداد دہشت گردی کی 30 عدالتیں قائم کی جائیں گی پراسیکیوشن کے نظام میں بہتری اور جیلوں میں اصلاحات ہوں گی ۔ دہشت گرد جہاں بھی جائیں گے ان کا تعاقب کریں گے کراچی میں اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے ہوئے ہیں آج ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد ہو گا اور فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ اجلاس میں لیا جائے گا انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ایجنسیز کی سفارشات پر بھی غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ جیلوں میں اصلاحات کے لئے اقدامات کئے جائیں گے جیلوں میں مجرمانہ غفلت پر کارروائیاں بھی کی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی سر اٹھا رہی ہے اور اداروں نے آپریشن تیز کر دیا ہے دہشت گرد ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتے ہں اور وہ کراچی سے بھاگ کر اندرون سندھ جا رہے ہیں دہشت گرد جہاں بھی جائیں گے قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کا پیچھا کریں گے ہم دہشت گردوں کو بھاگنے نہیں دیں گے اور انہیں کیفرکردار تک پہنچائیں گے انہوں نے کہا کہ بدامنی کا سبب پھیلانے والے مسائل کا حل نکالا جائے گا ۔

(جاری ہے)

پولیس ، رینجرز اور دیگر اداروں کے درمیان روابط کو مزید بہتر بنایا جائے گا کہیں بھی الگ سوچ نہیں تمام ادارے ایک پیچ پر ہیں انہوں نے کہا کہ جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی کراچی میں شہید ہونے والے ملٹری اہلکاروں کے واقعہ کی اعلی سطح پر تحقیقات کی جائیں گی انہوں نے کہا کہ شہر میں کیمروں کو ٹھیک کیا جائے گا اور اس کے لئے امریکی کمپنی سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے سندھ میں پراسیکیوشن کے نظام میں بہتری لائی جائے گی ۔

200 نئے پراسیکیوٹرز تعینات اور 8000 نئے اہلکار بھرت کئے جائیں گے سندھ میں انسداد دہشت گردی کی 30 عدالتیں قائم کی جائیں گی ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی سندھ نے شرجیل میمن سے وزارت واپس لے لی ہے اور اس کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے ان کے پاس ورکس اینڈ سروسز کا محکمہ تھا اب وہ وزیر نہیں رہے

متعلقہ عنوان :