راولپنڈی چھاؤنی کے علاقے ڈھیری حسن آباد میں گیس سلنڈر دھماکے میں دو افراد جاں بحق

بدھ 2 دسمبر 2015 22:38

راولپنڈی۔2دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 دسمبر۔2015ء ) راولپنڈی چھاؤنی کے علاقے ڈھیری حسن آباد میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی دوپہر ڈھیری حسن آباد میں کباڑی کی دوکان پر اچانک زور دار دھماکا ہواجس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔عینی شاہدین کے مطابق یہ دھماکہ اسوقت ہوا جب کباڑی کی دوکان میں دو افراد ایک سلنڈر کو توڑنے کی کوشش کر رہے تھے دھماکے سے دوکان میں موجود افراد کے جسم کے اعضاء بکھر گئے جبکہ دھماکے کے نتیجے میں اردگرد کی عمارتوں اور سامنے کھڑی گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا ‘دھماکے اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی ‘حساس علاقہ ہونے کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام ‘سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی اسرار احمد عباسی ‘ایس ایس پی آپریشن ملک کرامت اللہ ‘سی ٹی ڈی‘ سپیشل برانچ اور دیگر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور اکٹھے ہونے والے شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی اسرار احمد عباسی نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے تصدیق کی کہ یہ گیس سلینڈر دھماکہ ہے ‘ دوکان میں موجود افراد گیس سلنڈر کو توڑنے کی کوشش کر رہے تھے کہ چنگاری پیدا ہونے سے سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا ‘یہ محض ایک حادثہ ہے ‘دہشت گردی کی کارروائی نہیں ہے ۔ انہوں نے بتا یا کہ شیر علی ولد محمد اصغر ‘ محمد اجمل ولد اعتباز گل واقعہ میں جاں بحق جبکہ عدنا ن ولد غضنفر سمیت دو افراد زخمی ہوئے ہیں جنھیں ڈی ایچ کیو منتقل کر دیا گیا ہے جہاں پر ان کا علاج معالجہ کیا جارہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :