مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت کی خناق کی دوائی فوری طور پر کروشیا سے ائر لفٹ کرانے کی ہدایت

خناق کی بیماری ختم ہونے کے قریب ہے ، صرف کروشیا میں دوائی تیار کی جا رہی ہے‘سارے معاملہ کی چھان بین کر کے ذمہ داری کا تعین کیا جائے ، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا اجلاس سے خطاب

بدھ 2 دسمبر 2015 22:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 دسمبر۔2015ء) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی ہے کہ خناق کے علاج میں استعمال ہونے والی ٰ ADS دوائی کروشیا سے فوری طور پر ایئر لفٹ کی جائے اور اس سارے معاملہ کی تحقیقات کر کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔وہ بدھ کو خناق کے علاج میں استعمال ہونے والی دوائی اے ڈی ایس کی عدم دستیابی اور صوبے میں خناق کی بیماری کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خطاب کر رہے تھے - اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ہیلتھ ( میڈیکل ایجوکیشن اینڈ سپیشلائزڈ انسٹیٹیوشنز ) سید گلزار حسین شاہ ، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ ( پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ ) ڈاکٹر ساجد چوہان ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر امجد شہزاد ، میڈیکل ڈائریکٹر چلڈرن ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھو ر، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ (ٹیکنیکل ) ڈاکٹر سلمان شاہد ، ای پی آئی اور CDC پروگراموں کے افسران نے شرکت کی - ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر امجد شہزاد نے بتایا کہ خناق کی بیماری دنیا سے ختم ہونے کے قریب ہے اور اس بیماری کے علاج میں استعمال ہونے والی دوائی کی کھپت بہت کم ہو گئی ہے جس کی بناء پر خناق کی دوائی کی تیاری محدود ہو گئی ہے اور صرف کروشیا کی ریاست میں ADS تیار کی جاتی ہے - انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت نے مختلف کمپنیوں اور ممالک سے رابطہ کر کے دوائی کے حصول کی کوشش کی لیکن کسی دوسری جگہ دوائی دستیاب نہیں -انہوں نے بتایا کہ کروشیا سے خناق کی دوائی کا پرچیز آرڈر 22 ستمبر کو دے دیا گیا تھا -انہوں نے کہا کہ متعلقہ کنٹریکٹر نے چند دن کے اندر دوائی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ خناق کی دوائی کروشیا سے ایئر لفٹ کرانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں او رکم سے کم وقت میں دوائی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ایڈیشنل ڈائریکٹر ای پی ائی پروگرام ڈاکٹر سہیل احمد نے بتایا کہ پورے سال میں خناق کے 15 کیسز رپورٹ ہوئے اور تین اموات رپورٹ ہوئی ہیں - انہوں نے بتایا کہ ای پی آئی سیل متعلقہ کنٹریکٹر سے مسلسل رابطہ میں ہے اور جلد از جلد دوائی کے حصول کی کوششیں جاری ہیں ۔

خواجہ سلمان رفیق نے سپیشل سیکرٹری ہیلتھ گلزار حسین شاہ کو ہدایت کی کہ اس سارے معاملہ کی پوری طرح چھان بین کی جائے اور اگر اس سلسلہ میں تاخیر یا کوتاہی ہوئی ہے تو اس کی ذمہ داری کا تعین کر کے متعلقہ افسر کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے- انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ای ڈی اوز ہیلتھ سے خناق کی بیماری کے بارے ضلع کی سطح پر صورتحال بارے فوری طو رپر رپورٹ حاصل کر کے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے -

متعلقہ عنوان :