گندم کی سپورٹ پرائس 1500 روپے فی40 کلو گرام مقرر کی جائے، منظور احمدوٹوکا حکومت سے مطالبہ

بدھ 2 دسمبر 2015 22:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 دسمبر۔2015ء) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گندم کی سپورٹ پرائس 1500 روپے فی چالیس کلو گرام مقرر کی جائے۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ مکئی کی درآمد پر مکمل پابندی لگائی جائے کیونکہ مکئی ملک میں سرپلس پڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم، چاول، کپاس اور آلو کی سپورٹ پرائس کا مسئلہ اسطرح حل کیا جائے تا کہ کاشتکاروں کو انکی محنت کا پھل خاطر خواہ ملے اور وہ خوشحال ہوں اور دیہاتی زندگی میں ایک خوشگوار تبدیلی آئے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب سے یہ حکومت آئی ہے اِسکی کسان دشمن پالیسیوں سے کاشتکار تباہ ہو گیا ہے اور وہ سراپا احتجاج ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کی 70 فیصد آبادی کے روزگار کا دارومدار زراعت پر ہے اس لیے زراعت کو حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی میں سرفہرست ہونا چاہیے لیکن افسوس اس شعبے کو حکومتی ایوانوں میں وہ اہمیت نہیں دی جا رہی جسکی وجہ سے ہماری برآمدات کم ہو رہی ہیں اور پچھلے مالی سال میں یہ شعبہ اپنے اہداف پورے نہیں کر سکا تھا۔

انہوں نے کسان پیکج کو ہدف تنقید بناتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس کا اطلاق تمام کپاس، اور چاول کے کاشتکاروں پر ہونا چاہیے اور لینڈ ہولڈنگ کی حد کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ کسانوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے اور وہ انتہائی اقدام اٹھانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔