منی بجٹ دراصل حکومت کا غریب مکاؤ ایجنڈا ہے ‘حکومت فی الفور عائد شدہ ٹیکسوں کو ختم کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرے

نو منتخب امیرجماعت اسلامی لاہورذکراﷲ مجاہد کا اجتماع سے خطاب

بدھ 2 دسمبر 2015 22:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 دسمبر۔2015ء) نو منتخب امیرجماعت اسلامی لاہورذکراﷲ مجاہد نے کہا ہے کہ حکومت غریبوں کی بات تو کرتی ہے لیکن ان کے مسائل سے نا آشنا ہے حکومت کی طرف سے منی بجٹ اور اس میں350سے زائداشیاء پر5سے10فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی لگانا انتہائی افسوسناک ہے جس سے عام آدمی کی روز مرہ زندگی میں مہنگائی کا طوفان آئے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جماعت اسلامی پی پی 154کے اجتماعی ناشتہ پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پروگرام سے سید احسان اﷲ وقاص ، خالداحمد بٹ اورپی پی امیر وسیم اسلم قریشی نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ روزمرہ کی اشیاء پرٹیکس لگانے سے غریب عوام کی زندگی اجیرن ہوجائے گی۔پہلے ہی غریب عوام کودووقت کی روٹی میسر نہیں۔

(جاری ہے)

غربت،مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں۔

۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے اشاروں پر حکومتی مشینری نے منی بجٹ کی آڑ میں گھریلو استعمال کی اشیاء ضروریہ میں مہنگائی کا طوفان لا کر غر یب کی کمر میں چھراگھونپ دیا ہے ۔حکومت کی ناقص پالیسیاں اور غیر ترقیاتی منصوبے عوام اور خزانے پر بوجھ بن چکے ہیں۔ حکمرانوں کا کا م ملک کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنانا اور عوام کو صحت وتعلیم سمیت تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی دینا ہو تا ہے مگر ہمارے نااہل حکمران غریبوں کا خون نچوڑ رہے ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور عائد شدہ ٹیکسوں کو ختم کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرے ۔

متعلقہ عنوان :