نئے طالبان امیر ملا اختر منصور جنگجووں کے درمیان جھڑپ میں شدید زخمی ،ہسپتال منتقل،نائب افغان صدر کا دعوی

عسکریت پسند وں کے کمانڈرز کے اجلاس میں زبانی تنازع پر لڑائی ہوئی جس میں ملا اختر منصور شدید زخمی ہو گئے،لڑائی کے دوران 4طالبان کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں،طالبان ترجمان نے تردید کردی

بدھ 2 دسمبر 2015 22:52

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 دسمبر۔2015ء) افغان نائب صدر کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان کے نومنتخب امیر ملا اختر منصور جھڑپ کے دوران شدید زخمی ہوگئے ،لڑائی کے دوران 4 طالبان کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترجمان افغان نائب صدر سلطان فیضی نے کہاہے کہ انہیں انٹیلی جنس ذرائع نے بتایا ہے کہ عسکریت پسند وں کے کمانڈرز کے اجلاس میں زبانی تنازع پر لڑائی ہوئی جس میں ملا اختر منصور شدید زخمی ہو گئے ہیں جبکہ لڑائی کے دوران 4طالبان کے ہلاک ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔

ملا اختر منصور کو طبی امدا د دینے کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے۔دوسری جانب ترجمان طالبان ذبیح اﷲ مجاہد نے اجلاس کے دوران کسی قسم کی لڑائی سے متعلق خبروں کی تردید کر دی ہے۔واضح رہے کہ ملا منصور کو 31جولائی کو ملا عمر کے انتقال کے بعد نیا امیر تعینات کر دیا گیاتھا جس کے بعد طالبا ن کے کچھ دھڑوں میں ملا عمر کے امیر تعینات ہونے پر تحفظات پائے جاتے تھے اور انہوں نے ملا عمر کی بیت قبول کرنے سے انکار کر دیاتھا۔