چین کسی بھی قسم کی رکاوٹ کی پرواہ کئے بغیر پاک چین اقتصادی منصوبے کیلئے پرعزم ہے، راہداری منصوبہ دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے، اقتصادی راہداری کی سیکیورٹی کیلئے پاک فوج کی جانب سے اقدامات قابل تعریف ہیں،پاکستان میں تعینات چینی سفیر سن وی ڈونگ کی پارلیمانی کمیٹی برائے پاک چین اقتصادی راہداری کو بریفنگ

بدھ 2 دسمبر 2015 23:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2دسمبر۔2015ء) پاکستان میں تعینات چینی سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ چین کسی بھی قسم کی رکاوٹ کی پرواہ کئے بغیر پاک چین اقتصادی منصوبے کیلئے پرعزم ہے، راہداری منصوبہ دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے، اقتصادی راہداری کی سیکیورٹی کیلئے پاک فوج کی جانب سے اقدامات قابل تعریف ہیں۔

وہ بدھ کو پارلیمانی کمیٹی برائے پاک چین اقتصادی راہداری میں بریفنگ دے رہے تھے۔ چینی سفیر سن ویڈونگ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے پر چینی کمپنیوں کے پیسے سرمایہ کاری کی صورت میں لگائے جائیں گے اور ترجیحی روٹ مغربی راہداری ہے، جس پر پاکستان کی تمام جماعتوں نے اتفاق کیا ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین چاہتا ہے کہ منصوبے پر کام کی رفتار تیز ہو اور پہلا مرحلہ طے شدہ وقت پر مکمل ہو جبکہ چینی صدر شی چن پنگ کی بھی خواہش ہے کہ ان کے ہی دور حکومت میں منصوبے پر زیادہ سے زیادہ کام مکمل ہو جائے۔

(جاری ہے)

سن ویڈونگ نے کہا کہ چین کسی بھی قسم کی رکاوٹ کی پرواہ کئے بغیر پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل کیلئے پرعزم ہے کیونکہ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان اور چین کی ترقی و خوشحالی کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی سیکیورٹی کیلئے پاک فوج کی جانب سے کئے گئے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ اس موقع پر پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد اللہ سید نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری خطے کیلئے عملی طور پر گیم چینجر ثابت ہو گا، جبکہ خطے کے بہت سے پلیئر چاہتے ہیں کہ یہ منصوبہ مکمل نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :