جھنگ‘ نیشنل بنک اساتذہ اور سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی نہ کر سکا

جمعرات 3 دسمبر 2015 12:50

جھنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن03دسمبر۔2015ء) جھنگ کے علاقے منڈی شاہ جیونہ میں قائم نیشنل بنک مہار والی برانچ ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی نہ کر سکی‘ اساتذہ ذلیل و خوار ہونے لگے‘ عملے کی قوم کا مستقبل سنوارنے والوں کے ساتھ بدتمیزی‘ اساتذہ کا شدید احتجاج‘ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق منڈی شاہ جیونہ میں قائم نیشنل بنک اساتذہ سمیت سرکاری ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی نہ کر سکا اور پیسے نہ ہونے کا بہانہ بنا دیا ہے یہاں تک کہ بنک کا عملہ حسن و سلوک سے پیش آنے کی بجائے بدتمیزی پر اتر آیا اور اساتذہ کو برا بھلا کہا۔

اساتذہ کا کہنا ہے کہ بنک اے ٹی ایم کارڈ بھی جاری نہیں کر رہا جس کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے اس موقع پر اساتذہ نے بنک کے خلاف شدید احتجاج کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ 5 تاریخ کو بلدیاتی الیکشن ہو رہے ہیں اور ہمارے پاس ڈیوٹی پر جانے کیلئے پٹرول کے بھی پیسے نہیں ہیں جبکہ بنک عملے کا کہنا ہے کہ تنخواہوں کی ادائیگی 7 دسمبر کو کی جائے گی۔