کامیابیوں نے ثانیہ مرزا کا دماغ ساتویں آسمان پر پہنچا دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 3 دسمبر 2015 13:22

کامیابیوں نے ثانیہ مرزا کا دماغ ساتویں آسمان پر پہنچا دیا

بھوپال (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار 3دسمبر- 2015ء) رواں سال ٹینس کے میدان میں کامیابیوں نے ثانیہ مرزا کا دماغ ساتویں آسمان پر پہنچا دیا ، بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے مدھیہ پردیش حکومت کی سپورٹس ایوارڈ تقریب کی مہمان خصوصی بننے کیلیے چارٹر طیارے اورمہنگی میک اپ کٹ کا مطالبہ کردیا جس پر وہاں کی حکومت نے انھیں مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق 29 سالہ ثانیہ مرزا نے پہلے اس سالانہ فنکشن میں شرکت کی دعوت قبول کرلی تھی تاہم ان کے پرسنل اسسٹنٹ نے آرگنائزرز سے کہا کہ ثانیہ مرزا نے بھوپال آنے جانے کیلیے چارٹر طیارے ، اپنے اسسٹنٹس کیلیے بزنس کلاس کی 5 ریٹرن ٹکٹیں اور ایک میک اپ کٹ کا مطالبہ کیا جس کی قیمت 75 ہزار بھارتی روپے ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ انھوں نے اس ایونٹ میں شرکت کے لیے کتنی فیس طلب کی ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب مدھیہ پردیش کے وزیر کھیل یوشودھرا راج کا کہنا ہے کہ ہم ٹینس سٹار کا احترام کرتے ہیں مگر ان کے مطالبات ناقابل قبول تھے اس لیے اب ان کی جگہ ہم نے بیڈمنٹن کوچ پولیلا گوپی چند اور بیڈمنٹن سٹار ثائنہ نہوال کو مدعو کیا ہے جنہوں نے ان کی دعوت قبول کر لی ہے ۔ یاد رہے کہ ثانیہ مرزا نے سوئس ٹینس سٹار مارٹینا ہنگس کے ہمراہ ڈبلز ایونٹ میں دو گرینڈ سلام ٹورنامنٹ سمیت 8 ٹائٹلز جیتے ہیں ۔