لیاری میں مارے گئے تینوں دہشت گردوں کا تعلق تحریک طالبان سے تھا، دہشت گرد سکولوں کو بم سے اڑانے، اسلحہ والے ٹرک لوٹنے اور 8ایف سی اہلکاروں کو اغواء کرنے میں ملوث تھے،ترجمان رینجرز سندھ

جمعرات 3 دسمبر 2015 15:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 دسمبر۔2015ء) ترجمان رینجرز سندھ نے کہا ہے کہ گزشتہ رروز لیاری میں مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت ہو گئی ہے، تینوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے، دہشت گرد سکولوں کو بم سے اڑانے، اسلحہ والے ٹرک لوٹنے اور 8ایف سی اہلکاروں کو اغواء کرنے میں ملوث تھے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ترجمان سندھ رینجرز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ رینجرز نے گزشتہ رروز لیاری میں مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت کرلی ہے، ملزمان کی شناخت بلال، سراج گل اور عمر رانا کے نام سے ہوئی ہے اور تینوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان کی ساتھ ہے۔

ترجمان کے مطابق ہلاک ملزم بلال کا تعلق کالعدم تحریک طالبان کے عابد مچھڑ گروپ سے تھا اور وہ ٹارگٹ کلنگ کی چھ وارداتوں، سٹریٹ کرائم اور سہراب گوٹھ میں واقع ٹریفک پولیس چوکی پر گرینیڈ حملے میں بھی ملوث تھا۔ترجمان نے بتایا کہ سراج گل فاٹا میں سکولوں کو بم سے اڑانے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اسلحہ ٹرک لوٹنے اور 8 ایف سی اہلکاروں کو اغواء کرنے میں بھی ملوث تھا، عمر رانا عرف لیپ ٹاپ 2014ء کے دوران ٹارگٹ کلنگ کی 4 وارداتوں اور اس کے علاوہ قتل کی دیگر وارداتوں کیلئے ریکی کرنے میں ملوث تھا۔