رواں ہفتے پاک بھارت سیریز کا مستقبل واضح ہوجائے گا ، چیئرمین پی سی بی

جمعرات 3 دسمبر 2015 16:25

رواں ہفتے پاک بھارت سیریز کا مستقبل واضح ہوجائے گا ، چیئرمین پی سی بی

لاہور (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار 3دسمبر- 2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یارخان کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز سے تفصیلی بات ہوئی ہے ہمیں دیکھنا چاہیئے کہ جس کھلاڑی کو منتخب کرنا ہے وہ ذہنی طور پر کتنا مضبوط ہے ۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب کوئی تجربہ کامیاب نہیں ہوتا تو الزام لگا دیا جاتا ہے اور اب مزید کسی تجربے کا وقت نہیں رہا۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ اور سیاست کو ایک ساتھ نہیں ہونا چاہئے ،ایک دو دن میں پاک بھارت سیریز کے مستقبل کا پتہ چل جائے گا ۔سپر لیگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپرلیگ کیلئے ٹیموں کی بولی اور فروخت جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ عامر خان اپنے رویے میں انکسار لائیں ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے بائولنگ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ روائتی حریف بھارت کے خلاف سیریز میں وہ غلطیاں نہیں دہرائیں گے جو انگلیںڈ کیخلاف ہوئیں ، پاکستان کرکٹ بورڈ کے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وقار یونس کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف سیریز انتہائی اہمیت کی حامل ہوگی اور اس سیریز میں ہم سینئر کھلاڑیوں کے علاوہ نئے لڑکوں کو بھی موقع دے سکتے ہیں ، ایک سوال کے جواب میں وقار یونس کا کہنا تھا کہ محمد عامر ایک باصلاحیت بائولر ہے اور اس نے ڈومیسٹک کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر ہونے والی لیگ میں بھی اچھی پرفارمنس دی ہے ، اگر قومی ٹیم کو ضرورت ہوئی تو انہیں بھی بھارت کیخلاف سیریز میں موقع دیا جاسکتا ہے ۔