حساس ادارے کی کارروائی ،ملٹری پولیس اہلکاروں پر حملے میں ملوث اہم ملزم گرفتار

ملزم نے واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کرنے کے علاوہ ٹارگٹ کلرز کی نشاندہی بھی کر دی ،ذرائع

جمعرات 3 دسمبر 2015 18:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 دسمبر۔2015ء) حساس ادارے نے ایم اے جناح روڈ پر ملٹری پولیس کے اہلکاروں پر حملے میں ملوث ایک اہم ملزم کوویسٹ زون سے حراست میں لے لیا ہے۔ جس نے واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کرنے کے علاوہ ٹارگٹ کلرز کی نشاندہی بھی کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزمان کی شناخت کے دوران حساس ادارے کے ایک اہلکار نے ایک دہشت گرد کو پہچان لیا جو واردات کے وقت بھی فوجی گاڑی کے قریب موجود تھا۔

ملزم کی شاخت کے بعد فوری ویسٹ زون میں کارروائی کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ۔جس سے نامعلوم مقام پر تفتیش کی گئی ۔ دوران تفتیش ملزم نے دہشت گردی میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے حملہ آوروں(ٹارگٹ کلنگ ٹیم) کی نشاندہی بھی کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گرد اپنے کمانڈرز کی ہدایت کے مطابق تمام واردات اور دہشت گرد ٹیم کی نگرانی کررہا تھا۔

جبکہ واردات کے دوران اس نے ایک گولی بھی نہیں چلائی اور واردات کے فوری بعدفون پر اس نے کوڈ میں اپنے کمانڈر کو پیغام بھی دیا جس کا ثبوت حساس ادارے نے کال ٹریسنگ اور جیو فنسنگ سے حاصل کیا ہے۔ گرفتار ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جو کافی عرصے سے نگرانی میں تھا۔ ملزم کی گرفتاری جلد ہی وفاقی سطح پر ظاہر کر دی جائے گی۔دوسری جانب فرانزک ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ نومبر 2014 سے دہشت گردی میں استعمال ہو رہا ہے جس سے رینجرز ،پولیس ،پاک فوج کے اہلکاروں سمیت ڈاکٹرز اور دیگر افراد کو ٹارگٹ کیا جا چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :