کراچی اب دھاندلی زدہ انتخابات کا متحمل نہیں ہو سکتا ، حافظ نعیم الرحمن

جماعت اسلامی کا مقابلہ سیاسی مخالفین کیساتھ بوگس ووٹر لسٹوں اور سیاست زدہ انتخابی عملے سے بھی ہے ‘ فتح جماعت اسلامی کی ہوگی

جمعرات 3 دسمبر 2015 21:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 دسمبر۔2015ء) جماعت اسلامی سیاست برائے خدمت پر یقین رکھتی ہے ۔ ہم نے اقتدار نہ ہونے کے باوجود عوامی خدمت کے بیشمار کام کئے ۔ الخدمت کا نام پاکستان اور دنیا بھر میں خدمت کی پہچان بن چکا ہے ۔ کراچی کا ماضی گواہ ہے جماعت اسلامی نے شہر کی بلا تفریق خدمت کی ہے مستقبل میں بھی خدمت کا سفر جاری رہے گا ۔

شہر کراچی کے حالات کو خراب کرنے والے شرپسند اپنے مقصد میں ناکام ہوچکے ۔ بلدیاتی انتخابات ضرور ہوں گے اور فتح انشاء اﷲ جماعت اسلامی کی ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی کراچی انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے یوسی 22 نارتھ ناظم آباد بلاک L میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب سے عوام کو سستے داموں صاف پانی میسر آئے گا ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کو جب جب موقع ملا اس شہر کی بلا تفریق خدمت کی ہے ہمارے سیاسی مخالفین بھی جماعت اسلامی کے بلدیاتی دور میں کسی تفریق کا نشانہ نہیں بنے ۔ ہم نے خدمت کے کام کو عبادت سمجھ کر کیا ہے جماعت اسلامی کا شاندار ماضی اس بات کا گواہ ہے کہ ہم ہی اس شہر کو ترقی کی جانب گامزن کر سکتے ہیں ۔ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف کے اتحاد سے عوام کو بہترین قیادت فراہم کی ہے ۔

کراچی کے عوام حالات کی تبدیلی کیلئے جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے مشترکہ پینل کو کامیاب بنائیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شہر کراچی کے حالات کو خراب کرکے الیکشن ملتوی کرنے کی سازش کرنے والے ناکام ہوئے ہیں ۔ کراچی میں رینجرز اور پاک فوج کے جوانوں پر حملے شہر کا امن تباہ کرنے کی سازش ہیں ۔ شرپسندجماعت اسلامی اور پی ٹی آئی اتحاد سے خوفزدہ ہیں ۔

ہم نے کراچی میں بڑی سیاسی سرگرمی کے ذریعے شہر سے خوف کو ختم کر دیا ہے عوام 5 دسمبر کو بلا خوف گھروں سے نکل کر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں ۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے مطالبہ کیا ہے کہ 5 دسمبر کو شہر کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر اندر اور باہر رینجرز اہلکار تعینات کئے جائیں اور رینجرز کو با اختیار اور فعال بنایا جائے ۔ شہر کراچی کھنڈر کا منظر پیش کر رہا ہے یہ شہر اب کسی دھاندلی زدہ الیکشن کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

5 دسمبر کو جماعت اسلامی کا مقابلہ سیاسی مخالفین کے ساتھ ساتھ بوگس ووٹر لسٹوں اور سیاست زدہ انتخابی عملے سے بھی ہوگا عوامی حمایت کے بل پر انشاء اﷲ تاریخی فتح حاصل کریں گے ۔ فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر امیر جماعت اسلامی زون نارتھ ناظم آباد اویس یاسین ، جنرل سیکریٹری قیصر جمیل ایڈووکیٹ کے علاوہ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

متعلقہ عنوان :