حب انڈسٹریل ایریا میں جدید ترین سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم نافذ کیا جائے گا،مقصود اسماعیل

بہت جلد وفاقی حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کریں گے،صدر لسبیلہ ایوان صنعت و تجارت

جمعرات 3 دسمبر 2015 22:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 دسمبر۔2015ء )حب انڈسٹریل ایریا میں جدید ترین سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم نافذ کیا جائے گا، اس کا اعلان لسبیلہ ایوان صنعت وتجارت کے صدر مقصود اسماعیل نے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں عملی اقدامات کا آغاز کیا جاچکا ہے اور UNDP کے کنسلٹنٹ میسرز صوفیز فرام سوئٹزرلینڈ کے سروے کے ماہرین نے حب انڈسڑیل ایریا کا سروے بھی مکمل کرلیا ہے اور وہ بہت جلد وفاقی حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

سوئٹزرلینڈکی کمپنی کے ماہرین نے اس بات کا اندازہ لگایا ہے کہ حب میں موجود صنعتوں اور شپ بریکنگ یارڈسے کتنا اور کس قسم کا کچرہ برآمد ہوتا ہے جس کو جدید طریقوں سے ضائع کرنے کیلئے کس قسم کے پلانٹ کی ضرورت ہوگی، انجم رفعت اللہ خان سینئر نائب صدر نے بھی صنعتوں سے اس سلسلے میں رائے لینے کیلئے ایک اجلاس کا انعقاد کیا تاکہ ان صنعتوں کے تعاون سے کچرے اور اس کی اقسام کا صحیح اعداد و شمار حاصل ہوسکے، اس سلسلے میں سلیم الزمان اور ارشد جیسے ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی گئی تھیں،کچرے کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق ضائع کرنے کی سہولت کا قیام نہ صرف گڈانی شپ بریکنگ یارڈ اورحب میں موجود صنعتوں کیلئے فائدہ مند ہوگا بلکہ عام لوگوں کو بھی اس سے بہت فائدہ ہوگا اور بین الاقوامی طور پر حب کی صنعتوں کی مصنوعات کی برآمد کیلئے سہولت فراہم ہوگی۔