فیفا میں اصلاحات کیلئے زیورخ میں اجلاس جاری

جمعہ 4 دسمبر 2015 12:54

فیفا میں اصلاحات کیلئے زیورخ میں اجلاس جاری

زیورخ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن04دسمبر۔2015ء)فیفا کے مزید 16 عہدیداروں پر بدعنوانی کا الزام عائد، فیفا کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس زیورخ میں جاری ہے اور اصلاحات کی منظوری کے لیے اجلاس ہو رہا ہے ،فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا میں مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات کرنے والے امریکی حکام نے تنظیم کے مزید 16 موجودہ اور سابق عہدیداروں پر بدعنوانی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔

یہ نیا چالان امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے زیورخ میں فیفا کے دو نائب صدور کے گرفتاری کے چند گھنٹے بعد جاری کیا گیا ہے۔’رشوت اور خفیہ ادائیگیاں کرنے میں ملوث ان افراد میں برازیلین فٹبال کے موجودہ سربراہ مارکو پولو ڈیلنیر اور فیڈریشن کے سابق سربراہ ریکارڈو ٹیزیرا بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ان میں لاطینی امریکہ کی فٹبال تنظیم کے الفریدو ہیوٹ، گوئٹے مالا کی فٹبال فیڈریشن کے تین عہدیداران سمیت افریقی اور لاطینی امریکہ کے ممالک سے تعلق رکھنے والے اہم افراد شامل ہیں۔

امریکی اٹارنی جنرل لوریٹا لنچ کا کہنا ہے کہ دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک ان افراد نے کھیل کو کرپٹ کرنے کی سازش کی اور کک بیکس اور رشوت کی مدد میں 20 کروڑ ڈالر لیے۔انھوں نے مزید کہا کہ ’اس اعلان سے یہ پیغام واضح ہے کہ اگر کوئی مجرم بھی ہے اور چھپ رہا ہے یہ سوچ کر کے ہماری تحقیقات سے بچ جائے گا۔ آپ ہمیں مزید انتظار نہیں کروائیں گے، آپ ہماری نگاہ سے نہیں بچ سکتے۔

‘فیفا کا کہنا ہے کہ امریکی اور سوئس حکام کی تفتیش سے مکمل تعاون کیا جائے گااس سے قبل سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ کے ایک ہوٹل سے فٹبال ایسوسی ایشن کے دو نائب صدور کو لاکھوں ڈالر رشوت لینے کے شک پر حراست میں لے لیا گیا تھا۔لاطینی امریکہ کی فٹبال تنظیم کے الفریدو ہیوٹ اور کیریبئن کی فٹبال تنظیم کے ہوان انخل ناپوت کو حراست میں لیا گیا۔

زیورخ کے اسی ہوٹل سے مئی میں فیفا کے کئی عہدیداروں کو گرفتار کیا گیا تھا۔امریکی محکمہ انصاف نے جمعرات کو ان گرفتاریوں کی درخواست کی تھی اور فیفا کا کہنا ہے کہ امریکی اور سوئس حکام کی تفتیش سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ سوئٹزرلینڈ کے وفاقی دفتر برائے انصاف کا کہنا ہے کہ ہیوٹ اور ناپوت پر شک ہے کہ انھوں نے لاطینی امریکہ میں ٹورنامنٹوں، ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچوں میں مارکیٹنگ کے حقوق دینے کے عوض رشوت لی تھی۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ان دونوں پر لاکھوں ڈالر رشوت لینے کا الزام ہے۔ ان دونوں نے پچھلی سماعت پر خود کو امریکہ کے حوالے کرنے کی مخالفت کی تھی۔فیفا کی اصلاحاتی کمیٹی کے چیئرمین نے زیورخ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ گرفتاریاں فیفا میں تبدیلی لانے کے عمل کے لیے اہم ہیں۔انھوں نے کہا ’فیفا بحران کا شکار ہے اور یہ بحران فیفا میں تبدیلیاں لانے کا عمدہ موقع ہے۔