تازہ سکواش رینکنگ جاری : فرانس کے گریگوری گلیٹر سرفہرست،کوئی پاکستان کھلاڑی ٹاپ

35میں شامل نہیں

جمعہ 4 دسمبر 2015 14:42

تازہ سکواش رینکنگ جاری : فرانس کے گریگوری گلیٹر سرفہرست،کوئی پاکستان ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن04دسمبر۔2015ء) پروفیشنل سکواش ایسو سی ایشن نے سکواش کھلاڑیوں کی تازہ رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں فرانس کے گریگوری گلیٹر نے 2درجہ ترقی کرتے ہوئے مصر کے محمد الشورباگے سے پہلی پوزیشن چھین کر 17165پوائنٹس کیساتھ اپنے نام کر لی ، رینکنگ میں پاکستان کے ناصر اقبال نے بھی 5درجے ترقی کرتے ہوئے ٹاپ 40کھلاڑیوں میں آ گئے جبکہ فرحان محبوب اور عامر اطلس کئی درجے تنزلی کرتے ہوئے 120اور163ویں نمبر پر آگئے۔

پروفیشنل سکواش ایسو سی ایشن کی جانب سے جاری انٹرنیشنل پلیئرز رینکنگ کے مطابق فرانس کے گریگوری گلیٹر نے 17165پوائنٹس کیساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر لی جبکہ پہلے نمبر پر براجمان مصر کے محمد الشورباگے14735پوائنٹس کیساتھ ایک درجہ تنزلی کیساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ، انگلینڈ کے نک میتھیو 13480پوائنٹس کیساتھ تیسرے، مصر کے عمر موساد13480پوائنٹس کیساتھ چوتھے ، کولمبیا کے میگیل انجیل 7935پوائنٹس کیساتھ پانچویں ، مصر کے رامے آشور 5750پوائنٹس کیساتھ چھٹے ، مصر کے کریم عبدل گوار 5610پوائنٹس کیساتھ آٹھویں ، فرانس کے میتھیو کاسٹ 5095پوائنٹس کیساتھ نویں اور مصر کے طارق مومن 4605پوائنٹس کیساتھ دسویں نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

عالمی رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑی ناصر اقبال نے بھی 5درجے ترقی کرتے ہوئے 1995پوائنٹس کیساتھ 39ویں نمبر پر آگئے جبکہ طیب اسلم بھی دو درجہ ترقی کرتے ہوئے 79ویں پوزیشن پر آ گئے ۔ رینکنگ کے مطابق فرحان محبوب 20درجے تنزلی کیساتھ 120ویں نمبر ، عامر اطلس خان 96ویں نمبر سے 163ویں نمبر پر، دانش اطلس 66سے 73ویں نمبر پر ، فرحان زمان 58سے 64ویں نمبر پر ، شاہ جہان خان 98سے 99ویں نمبر پر اور خواجہ مقبول 108سے 109ویں نمبر پر آ گئے ہیں ۔